کینیڈا، حنا ثانی اور ان سے برآمد پاسپورٹ کے حامل افراد بھی بلیک لسٹ

31 مارچ ، 2024

نیو یارک (عظیم ایم میاں) پی آئی اے کی پر واز برائے ٹورنٹو کے فضائی عملہ میں شامل حنا ثانی نامی ایئر ہوسٹس کو کینیڈین امیگریشن نے نہ صرف واپس پاکستان ڈیپورٹ کرکے اس پر کینیڈا آنے پر بلیک لسٹ کرکے پابندی بھی عائد کردی ہے بلکہ اس کے سامان سے جن دیگر افراد کے متعدد پاسپورٹ برآمد ہوئے تھے ۔ اُن افراد کو بھی بلیک لسٹ کردیا گیا ہے جن کے پاسورٹ حناثانی کے سامان سے برآمد ہوئے ہیں منظم گروہ بھاری رشوت پر ملازمین کی ڈیوٹی لگانےمیں ملوث ہے ، پی آئی اے کینیڈا کا معاملے پر تبصرے سے گریز ۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پی آئی اے کی ٹو انٹو آنے والی فلائٹ پر ڈیوٹی انجام دینے والی ایئر ہوسٹس حنا ثانی کے ٹورنٹو پہنچنے پرکینیڈین امیگریشن نے روک کر تلاشی کے دوران اس کے سامان سے متعدد پاکستانی پاسورٹ بھی برآمد کئے تھے جو دیگر افراد کے تھے جن میں پی آئی اے کے بعض ملازمین کے پاسپورٹ بھی شامل ہیں ۔ پی آئی اے کی ٹو رنٹو کینیڈا کی پرواز وں پر ڈیوٹی پر آنے والے پی آئی اے کے عملہ کا کینیڈاسے واپسی بجائے کینیڈا میں غائب ہوجانا ایک معمول بن چکا ہے ۔ اور کینیڈین حکومت اسی مسئلہ کو متعدد بار پی آئی اے اور حکومت سے اٹھا چکی ہے ۔ لیکن ٹو رنٹو پہنچ کر پی ائی اے کی پرواز پر ڈیوٹی انجام دینے والے عملہ کے بعض افراد کا غائب ہوجانا اور کینیڈا امیگریشن حاصل کرنے کی کوشش نہ صرف ایک معمول بن چکا ہے بلکہ پاکستان اور پی آئی اے کیلئے بد نامی کا باعث بن چکا ہے ۔ ذرائع کے مطابق پی آئی اے میں ایک منظم گروہ کے طور پر موجود بعض ملازم افراد پی آئی اے کی کینیڈین پرواز اور دیگر غیر ممالک کی پروازوں پر بھاری رشوت اور کر پشن کے ساتھ عملہ کی ڈیوٹی لگاتے ہیں اور پھر کینیڈا اور غیر ملک کی منزل مقصدد پر پہنچنے کے بعد بھی وہاں امیگریشن حاصل کرنے کے لئے اس ملک میں موجود گروہ کے ساتھی اُن کی رہنمائی بھی کرتے ہیں ۔ ٹورنٹو میں حنا ثانی کے واقعہ پر جب کینیڈا میں پی آئی اے کے انچارج (کنڑی منیجر) شاہزیب حسین قریشی سے نمائندہ جنگ نے رابطہ کیا تو انہوں نے اس بارے میں کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا سے ڈیل کرنے اور تر جمانی کے لئے پی آئی اے نے ایک سنٹر لائزڈ نظام پاکستان میں قائم کررکھا ہے ۔ پی آئی اے کی موجودہ زبوں حالی کی ایک اہم وجہ حقائق اور صورتحال کا سامنا کرنے سے گریز اور سینٹر لائزڈ پالیسیوں کی بھر مار بھی بیان کی جاتی ہے ۔ حنا ثانی پاکستان کی ایک مقبول اور با اثر شخصیت کی رشتہ دار بھی ہیں ۔