فلسطین کی نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں،امریکا

03 اپریل ، 2024

واشنگٹن(این این آئی)امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے ساتھ نئی حکومت نامزد کیے جانے کے بعد پہلی بار فون پر تبادلہ خیال کیا ہے اورکہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی ابھی مزید اصلاحات کی کوشش کرے تاکہ امریکہ کے بعد از جنگ اور بعد از حماس کے غزہ کے بارے میں ویژن کو آگے بڑھا یا جاسکے۔امریکی وزیر خارجہ نے اس فون پر بات چیت کے دوران غزہ میں جنگ بندی کے پر بھی زور دیا ۔ انہوں نے محمود عباس کی نئی مقرر کر دہ حکمت کا خیر مقدم کیا اور محمود عباس کو یقین دلایا کہ امریکہ اس نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے۔ یہ بات فون کال کے بعد امریکی ترجمان میتھیو ملر نے بتائی ۔انہوں نے فون کال کے حوالے سے بتایا کہ وزیر خارجہ بلنکن نے محمود عباس سے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایک حیات نو والی فلسطینی اتھارٹی بہت ضروری ہے تاکہ مغربی کنارے کے ساتھ ساتھ غزہ میں بھی فلسطینیوں کے لیے نتائج سامنے لانے کے لیے کچھ کردار ادا کر سکے۔ امریکی ترجمان نے کہا کہ بلنکن نے فون پراسرائیل کے لیے سلامتی کی ضمانتوں کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے امریکی عزم کا اظہار کیا ہے۔