نواز شریف کے لیے سربراہ مملکت جیسا پروٹوکول دیا گیا، حسن نواز ہمراہ تھے

03 اپریل ، 2024

اسلام آباد (محمد صالح ظافر/خصوصی تجزیہ نگار)پاکستان مسلم لیگ نون کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف منگل کو سینیٹ کے انتخاب میں اپنا ووٹ ڈالنے کیلئے آئے تو انہیں سربراہ مملکت جیساپروٹوکول دیا گیا پارلیمنٹ ہائوس کی وزیراعظم مخصوص پارکنگ سے متصل اپنی بم پروف کارمیں پہنچے تو ان کا خیرمقدم وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار، قانون و انصاف کے وفاقی وزیر سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، رکن قومی اسمبلی اظہر کیانی نے کیا۔ نوازشریف کے چھوٹے صاحبزادے حسن نواز بھی انکے ہمراہ تھے۔ یہاں سے سیدھے قومی اسمبلی ہال پہنچے تو ان کی آمد پر وہاں موجود ارکان قومی اسمبلی نے ڈیسک بجا کر پرجوش خیرمقدم کیا قومی اسمبلی کے ارکان ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور کھیل داس کوہستانی بھی انکے ہمرکاب تھے ڈاکٹر طارق فضل سینیٹر ڈار کے پولنگ ایجنٹ کی ذمہ داری بھی ادا کررہے تھے مسلم لیگ نون کے قائد نے دو ووٹ ڈالے ان میں سے ایک جنرل نشست کیلئے تھا جبکہ دوسرا جو سبزرنگ کا بیلٹ پیپر تھا ٹیکنوکریٹ کی نشست کیلئے مخصوص تھا سینیٹر اسحٰق ڈار اسی نشست کیلئے امیدوار تھے نوازشریف نے بیلٹ بکس میں سفید پرچی تو آتے ہی ڈال دی تاہم سبز پرچی کو انہوں نے پہلے دیکھا پھر تہہ کیا اسکے بعد انہوں نے اسے دوبارہ کھولا اور غور سے دیکھنے کے بعد تہہ کرکے بکس میں ڈال دیا وہ اس امر کو یقینی بنا دینا چاہتے تھے کہ پرچی پر انکی لگائی مہر کی روشنائی دوسرے حصے پر نہ جالگی ہو انہیں جب اس بارے اطمینان ہوگیا تو انہوں نے ووٹ بکس میں ڈال دیا۔