وزارت عظمیٰ کا الیکشن لڑنے والے، اپوزیشن چیمبر پہنچ گئے

03 اپریل ، 2024

اسلام آباد (فاروق اقدس/تجزیاتی جائزہ) وزیراعظم کا الیکشن لڑنے والے اپوزیشن چیمبر پہنچ گئے، قومی اسمبلی کے سابق سپیکر گوہر ایوب خان کے صاحبزادےعمر ایوب خان قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے منصب پر بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں ،4سابق وزرائے اعظم حسین شہید سہروردی، نواز شریف، بینظیر بھٹو، شہباز شریف ،غلام مصطفیٰ جتوئی بھی ایسی شخصیا ت میں شامل ہیں ، مفتی محمود، ولی خان، فضل الرحمان، سید فخرامام بھی اپوزیشن لیڈر رہے،بانیPTIنے اقتدار سے محرومی کے بعد سڑکوں پر احتجاج کا رستہ اختیار کیا،دھیمے مزاج، نرم خو عمر ایوب کا بلاول بھٹو کو ایک جوابی جملہ پیپلز پارٹی کو نہیں بھولتا،تحریک انصاف کے وزیر کی حیثیت سے ایوان کی کارروائی کے دوران جب بلاول بھٹو نے انہیں فوجی امر کا پوتا ہونے کا طعنہ دیا تو عمر ایوب نے بلاتاخیر جوابی حملہ یہ کہہ کر کیا کہ تمہارے نانا میرے دادا کو ڈیڈی کہا کرتے تھے جس کے بعد ہونے والی ہنگامہ آرائی سے پیپلز پارٹی کے ارکان نے ان کے حوالے سے ایک واضح رائے قائم کرلی۔ اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے ایوان میں انہیں صرف اپنی سابقہ جماعت سے ہی نہیں بلکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی ردعمل کاسامنا ہوگا۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے منصب پر بلامقابلہ منتخب عمر ایوب خان نے اپنی نئی ذمہ داریوں کی اولین مصروفیت کے طور پر اپوزیشن لیڈر چیمبر کا دورہ کیا اور وہاں اسمبلی سیکرٹریٹ کے عملے سے ملاقاتیں کیں اس نشست پر براجمان ہوکر اپنے رفقاء سے تبادلہ خیال کیا جہاں ملک کے کئی مقتدر سیاسی شخصیات ,سابق وزرائے اعظم بیٹھ کر اپنے منصب کے حوالے سے ایوان میں اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر مشاورت کرتے تھے۔ عمر ایوب خان اس منصب پر بلامقابلہ کیسے منتخب ہوئے؟ اس تجسس اور بحث سے قطع نظر اب وہ قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ہیں تاہم اس ذمہ داری تک رسائی حاصل کرنے کیلئے انہیں خاصا انتظار کرنا پڑا۔