غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ اولین ترجیح ہے،شہباز شریف

03 اپریل ، 2024

اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیلنجز کو مواقع میں بدلنے کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے ۔وزیر اعظم نے یہ بات گز شتہ روزاپنی زیرِ صدارت بیرونی سرمایہ کاری کےحوالے سے بلائے گئے اہم جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت خلیجی ممالک سے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی وزارتوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے جدت اور تحقیق کے لئے خصوصی سیلز قائم کئے جائیں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایسے منصوبے جو کہ سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کی استعداد رکھتے ہیں ان کی فزیبیلٹی اسٹڈی کروائی جائے اور اس حوالے سے بین الاقوامی شہرت کے حامل ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں ۔ معیار پر کوئی سمجھوتا نہ کیا جائے،انہوں نے تمام وزارتیں خلیجی ممالک کے ساتھ اپنے متعلقہ مفاہمتی یادداشتوں پر پیش رفت کے حوالے سے ان ممالک کے ساتھ اپنے روابط میں مزید بہتری لانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مظفرگڑھ ، لیہ اور جھنگ کے شمسی توانائی کے منصوبوں میں بیرونی سرمایہ کاری کے حوالے سے تمام تر ضروری تقاضے پورے کئے جائیں۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ گوادر پورٹ کی ڈریجنگ کا کام مکمل ہو چکا جس کے بعد اب وہاں بڑے بحری جہاز لنگر انداز ہو سکتے ہیں۔وزیرِ اعظم نے آئندہ پانچ سال میں ملکی برآمدات دو گُنا کرنے کیلئے لائحہ عمل بنانے، وزارت تجارت کو کامیاب آنٹرپرونور اور اسٹیک ہولڈر سے مشاورت کے بعد لائحہ عمل مرتب کرکے پیش کرنے، ای کامرس شعبے میں برآمد کنددگان، جو پاکستان میں اپنی مصنوعات بنا کر دنیا بھر میں برآمد کرتے ہیں، کو سہولیات فراہم کرنے،وزارت تجارت کو Made in Pakistan برانڈ برآمد کرنے والوں کے مسائل کے فوری حل کی ہدایت کی ۔ ادھروزیراعظم سے وزیرِ اعلی گلگت بلتستان گلبر خان نے ملاقات کی۔اجلاس میں گلگت بلتستان میں تعلیم، صحت اور سیاحت کے شعبے کی ترقی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی، اجلاس کو گلگت بلتستان میں وفاقی حکومت کی جانب سے عطاآباد اور ہارپو میں پن بجلی کے دو منصوبوں پر جاری کام کی پیش رفت کے بارے آگاہ کیا گیا۔