زہر والے معاملے پر میں کہاں سے ثبوت لاؤں، بشریٰ بی بی

03 اپریل ، 2024

راولپنڈی (خبر نگار جنگ نیوز ) بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے۔ گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے شکوہ کیا کہ میں جو باتیں کرتی ہوں وہ میڈیا پر رپورٹ نہیں ہوتی ہیں لہٰذا میں صحافیوں سے بات نہیں کروں گی صرف ایک وی لاگر سے بات کروں گی۔ بشریٰ بی بی کے روئیے پر میڈیا نے بانی پی ٹی آئی سے احتجاج کیا جس پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے میڈیا کو کبھی ڈیل نہیں کیا ، ان کی باتوں کو سنجیدہ نہ لیں ، صحافی بشریٰ بی بی کی باتوں کا برا نہ منائیں۔ ۔ ان سے سوال کیا گیا کہ زہر والے معاملے کی انکوائری ہوئی تو آپ کے پاس کیا ثبوت ہے؟ جس پر بشری بی بی نے کہا کہ میں کہاں سے ثبوت لاوں۔ جیل انتظامیہ نے علیحدگی میں بات کروانے سے معذرت کر لی۔ جیل انتظامیہ کی معذرت کے بعد بشریٰ بی بی نے میڈیا کے سامنے ہی وی لاگر سے گفتگو کی کہا کہ میرے امریکی ایجنٹ ہونے سے متعلق پارٹی میں باتیں پھیلائی جا رہی ہیں۔ بشریٰ بی بی نے کہا کہ مجھے بنی گالہ میں باعزت طریقے سے رکھا گیا ہے۔ پہلے کھڑکیاں بند رکھی جاتی تھیں ، اب کچھ دیر کے لئے کھول دی جاتی ہیں۔ پنجابی کہاوت ہے کہ بندہ بندے نوں کھا جاندا اے ۔ جج اور اداروں کو بندے کھاتے دیکھا تو اس کہاوت کی سمجھ آئی ہے۔