برمنگھم میں آج سالانہ ختم نبوت کانفرنس منعقد ہوگی

28 نومبر ، 2021

برمنگھم (پ ر) 35ویں سالانہ ختم نبوت کانفرنس آج( اتوار) بعد نماز عصر برمنگھم کے علاقے ہینڈز ورتھ میں واقع مکی مسجد میں منعقد ہورہی ہے۔ کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام شرکت کررہے ہیں۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی عقیدہ ختم نبوت کے بارے میں علمائے کرام خطاب کریں گے اور عوام الناس بالخصوص نوجوان نسل میں عقیدہ ختم نبوت کی دینی، مذہبی اور جذباتی وابستگی اور اہمیت کو اجاگر کریں گے۔ کانفرنس کے کامیاب انعقاد اور عقیدہ ختم نبوت کی موثر پیغام رسانی کے سلسلے میں طہ قریشی سیکریٹری جنرل اپنے چند محنتی اور مخلص ساتھیوں سمیت ہفتہ بھر سے لندن سے برمنگھم میں موجود ہیں اور یہاں کی ہر بڑی مسجد، مقامی علمائے کرام اور کمیونٹی قائدین کے ساتھ ملاقات کرکے پیغام پہنچایا۔ اسی سلسلے میں ایک پریس کانفرنس بھی منعقد کی گئی جس میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے شرکت کی۔ علمائے کرام نے اس بات پر زور دیا کہ عقیدہ ختم نبوت اسلام اور ایمان کی اساس ہے اور یہ کہ عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے اور اس کے لیے پوری امت مسلمہ متحد ہے۔ کانفرنس میں جو علمائے کرام شرکت کررہے ہیں ان میں علامہ سید ظفر اللہ شاہ صاحب (امیر سلطان باہو ٹرسٹ و کنوینر ختم نبوت یونائیٹڈ کونسل) علامہ صاحبزادہ محمد رفیق چشتی (مرکزی جماعت اسلامی) مولانا حامد قدوس ہاشمی (سنی علما کونسل برطانیہ) علامہ محمد سرفراز مدنی (یوکے اسلامک مشن) مولانا طارق مسعود (جمعیت العلما برطانیہ) علامہ محمد سجاد (خطیب پیغام اسلام ٹرسٹ) علامہ قاضی ساجد ظفر، قاضی اظہار احمد (خطیب مکی مسجد) مولانا صاحبزادہ امداد الحسن نعمانی (جمعیت العلما برطانیہ) قاری اسرار احمد (جمعیت العلما برطانیہ) صاحبزادہ فیض الحسن، اعجاز صدیقی (منہاج القرآن برمنگھم) علامہ عاطف جبار حیدری (سنی علما کونسل) ڈاکٹر اختر زمان غوری شامل ہیں۔