یونان میں سفیر پاکستان کی پاکستانی قیدیوں سے ملاقات

28 نومبر ، 2021

ایتھنز(نمائندہ جنگ )یونان میں سفیر پاکستان محمد ندیم خان نے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سلطان حیدر کے ہمراہ جزیرہ کوس کی جیل میں موجود پاکستانی قیدیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انھوں نے جیل کے منیجر یورگوس دیموس سے تفصیلی ملاقات کی اور قیدیوں کی بہبود کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ سفیر پاکستان نے قیدیوں میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جیلوں میں انتظامات کا جائزہ بھی لیا-سفیر پاکستان محمد ندیم خان نے کمیونٹی ویلفئیر اتاشی سلطان حیدر کے ہمراہ کوس حراستی کیمپ کا بھی دورہ کیا اور کیمپ میں موجود پاکستانی قیدیوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے کیمپ کے منیجر واسیلیوس براوس سے ملاقات میں پاکستانی قیدیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے تبادلہ خیال کیا۔ سفیر پاکستان اور ویلفیئر اتاشی ان دنوں یونان کے سرحدی جزیرہ کوس میں ہیں جو یونان میں سمندری علاقے سے داخل ہونے کے بعد پہلا جزیرہ ہے اور یہاں سے غیر قانونی تارکین وطن داخل ہوتےہیں جن کو حراستی کیمپوں میں رکھا جاتا ہے۔