نسلہ ٹاور، انہدام کا عمل محفوظ بنایا جائے، سپریم کورٹ

28 نومبر ، 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سپریم کورٹ نے نسلہ ٹاور اور تیجوری ہائٹس ، الباری ٹاوراور ملٹری لینڈ پر کمرشل سرگرمیوں سے متعلق کیس کا تحریری حکم نامے جاری کر دیئے۔جس میں کہا گیا ہے کہ نسلہ ٹاور گرانے کے عمل کو محفوظ بھی بنایا جائے۔ جبکہ عدالت نے تجوری ہائٹس بلڈر کو بیس دن میں ملبہ اٹھانے کی مہلت دیدی۔ 26 نومبر کی سماعت کے تحریری حکم نامے میں سپریم کورٹ نے کمشنر کراچی کو نسلہ ٹاور گرانے کیلئے دو سو مزدوروں کی جگہ چار سو مزدور لگانے کی ہدایت کی ہے۔ تحریری حکم نامے کے مطابق کمشنر کراچی نے بتایاکہ دو سو افراد نسلہ ٹاور گرانے پر لگائے گئے۔ عدالت نے کمشنر کراچی کو کہا ہے کہ چار سو مزدوروں کو لگائیں۔ کمشنر کراچی نسلہ ٹاور کو گرانے کی کارروائی ایک ہفتے میں یقینی بنائیں۔ عدالت نے نسلہ ٹاور گرانے کے عمل کو محفوظ بھی بنایا جائے۔عدالت عظمیٰ تجوری ہائٹس سے متعلق تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ رضا ربانی نے بتایا تیجوری ہائٹس کا اسٹرکچر گرا دیا گیا۔ مکمل ملبہ اٹھانے کیلئے بیس دن کی مہلت درکار ہے۔ عدالت نے تیجوری ہائٹس بلڈر کو بیس دن میں ملبہ اٹھانے کی مہلت دیدی۔ تحریری فیصلے میں عدالت نے کہا ہے کہ کمشنر کراچی تیجوری ہائٹس سے ملبہ اٹھانے کے عمل کو یقینی بنائیں۔آئندہ حکم تک تیجوری ہائٹس اراضی کمشنر کراچی کی تحویل میں رہے گی۔ سپریم کورٹ نے الباری ٹاور کیس سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ الباری ٹاور کیس کے تحریری فیصلے میں سپریم کورٹ نے آئندہ حکم تک بلڈر کو جائیداد منتقلی سے روکدیا ہے۔ سیکرٹری وزرات ہاؤسنگ اینڈ ورکس اراضی کا تمام ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔