بیساکھی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارتی سکھ یاتری آج پاکستان پہنچیں گے

13 اپریل ، 2024

لاہور ( این این آئی) خالصہ جنم دن اور بیساکھی میلہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سے سکھ یاتری آج پاکستان آئیں گے جہاں متروکہ وقف املاک بورڈ کے اعلی حکام اور پردھان سمیت دیگر سکھ رہنما مہمانوں کا استقبال کریں گے۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد کی زیر نگرانی تقریبات کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق لاہور پہنچنے کے بعد یاتریوں کو بذریعہ سپیشل ٹرین حسن ابدال روانہ کر دیا جائے گا جہاں پر بیساکھی میلہ کی مرکزی تقریب 14اپریل بروز اتوار کو گورودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں ہو گی۔ یاتری 15اپریل کو حسن ابدال سے ننکانہ صاحب پہنچیں گے جہاں پر قیام کے دوران سچا سودا فاروق آبا کی یاترا کریں گے اور 18اپریل گورو دوارہ دربار صاحب کرتار پور نارووال جائیں گے۔ 20اپریل کو روہڑی صاحب ایمن آباد کا دورہ کر کے لاہور پہنچیں گے جہاں ایک روز قیام کریں گے۔ سکھ یاتری 22اپریل کو اپنی 10روزہ یاترا مکمل کرنے کے بعد واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔