اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں پوتوں کی شہادت اسرائیلی ناکامی کا اعتراف ہے، فضل الرحمٰن

13 اپریل ، 2024

اسلام آباد(صباح نیوز)جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل رہنما نے حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں اور پوتوں کی اسرائیلی حملے میں شہادت پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے حماس سربراہ کو تعزیتی خط ارسال کردیا۔مولانا فضل الرحمان نے اسماعیل ہنیہ کے نام بھیجے گئے خط میں اپنی اور جمعیت علما اسلام کی جانب سے بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر تعزیت کرتے ہوئے لواحقین کے لیے صبر جمیل اور شہدا کی کامل مغفرت کے لیے دعا بھی کی۔اپنے خط میں مولانا فضل الرحمان نے لکھا کہ تحریک فلسطین کے قائدین کے خاندانوں اور اولادوں کو نشانہ بنانا دراصل دشمن کی ناکامی کا اعتراف ہے۔ اسرائیل کے جارحانہ اقدامات تحریک جہاد کی جرت و بسالت اور بزدل صہیونی فوج کے مقابلے میں مضبوط منصوبہ بندی کا اعتراف ہیں۔انہوں نے لکھا کہ شہدا کی شہادت صرف فلسطینی قوم کا ہی نہیں بلکہ پوری اسلامی دنیا کا نقصان ہے، انشا اللہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ فضل الرحمان نے لکھا کہ ہم حماس کی جہاد میں کی گئی کوششوں کی تائید کرتے ہیں اور عالمی برادری سے فلسطینیوں پر جاری جبر و تشدد کے ہمیشہ کے لیے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔