وفاقی وزیر داخلہ کا عید پرامن و امان اور سیکورٹی صورتحال پر اظہاراطمینان

13 اپریل ، 2024

کراچی (جنگ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے عیدالفطر کے تینوں روز ملک بھر میں امن و امان اورسیکورٹی کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ وفاقی وزیرِ داخلہ نے بہترین انتظامات پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی محنت سے نماز کے اجتماعات و تقریبات پُرامن ماحول میں ہوئیں، پاکستان بھر میں لوگوں نے پرامن ماحول میں عید کی خوشیاں منائیں۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ قیامِ امن سے متعلق اداروں کا ہر فرد مبارکباد کا مستحق ہے، ملک کے تمام سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں نے اپنی عید قوم کی خوشیوں اور مسکراہٹوں کے لئے قربان کی، ملک بھر میں لوگوں نے پُرامن ماحول میں عید کی خوشیاں منائیں۔ وزیر داخلہ نے اس عزم کا مظاہرہ کیا کہ آئندہ بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔