بلوچستان ہمارے دل کے قریب،شعبہ صحت میں معاونت کرینگے،بلاول،سرفراز بگٹی کو یقین دہانی

13 اپریل ، 2024

لاڑکانہ (خ ن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عید کے دوسرے روز نو ڈیرو سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری سے ملاقات کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی اس موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے مابین بلوچستان کابینہ کی تشکیل سمیت مختلف سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا،میر سرفراز بگٹی نے بلاول بھٹو زرداری کو بلوچستان میں بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کے اجراء سے متعلق آگاہ کیا اور بلوچستان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں سمیت گڈ گورننس کے قیام سے متعلق صوبائی حکومت کی ترجیحات سے آگاہی دیتے ہوئے بتایا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت بلوچستان کے عوام کی احساس محرومی کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومت نے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے پاکستان پیپلز پارٹی کے وژن کے مطابق غریب عوام کی بہبود کیلئے منصوبہ بندی کررہے ہیں بلوچستان کی عوام نے پاکستان پیپلزپارٹی پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں گے ملاقات میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مابین صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری کے لئے سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کے درمیان قریبی رابطہ کاری اور باہمی اشتراک پر اتفاق کیا گیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان ہمارے دل کے قریب ہے بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے پہلے بھی اقدامات اٹھائے ہیں اور اب بھی عوامی فلاح کے اقدامات کا تسلسل جاری رکھیں گے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کو یقین دلایا کہ سندھ حکومت صحت کے شعبے میں بلوچستان کی بھرپور معاونت کرے گی اور بلوچستان میں سندھ کی طرز پر صحت کے معیاری ادارے قائم کئے جائیں گے جہاں عوام کو مہنگے علاج معالجے کی سہولیات سرکاری سطح پر مفت میسر آئیں گی، اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی مرکزی صدر محترمہ فریال تالپور اور رکن قومی اسمبلی اعجازجکھرانی بھی موجود تھے۔