بہاولنگر واقعہ،فوج اور پولیس مشترکہ شفاف انکوائری کریگی،بعض دھڑوں نے تفریق کیلئے پروپیگنڈا کیا،ISPR

13 اپریل ، 2024

راولپنڈی (جنگ نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ بہاولنگر میں حال ہی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جس کی سکیورٹی اور پولیس اہلکاروں پر مشتمل مشترکہ ٹیم شفاف انکوائری کرے گی جبکہ پنجاب حکومت کے ترجمان کا کہناہے کہ محکمہ داخلہ اور دیگر سکیورٹی اداروں کےحکام ٹیم کا حصہ ہوں گے‘ مفادپرستوں کو فورسز کے خلاف پروپیگنڈے کی اجازت نہیں دی جائےگی۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بہاولنگر میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کو فوج اور پولیس حکام کی مشترکہ کوششوں سے فوری حل کر لیا گیا تاہم معاملہ حل ہونے کے باوجود مخصوص عناصر نے سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا شروع کر دیابعض دھڑوں نے تفریق پیداکرنے کیلئے پروپیگنڈاکیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مذموم مقاصد کیلئے ریاستی اداروں اور سرکاری محکموں کےدرمیان تقسیم کی کوشش کی گئی، قوانین کی خلاف ورزی ،اختیارات کےناجائز استعمال کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ حقائق کا پتہ لگانے اور ذمہ داروں کے تعین کے لئے مشترکہ انکوائری کی جائے گی جو سکیورٹی اور پولیس اہلکاروں پر مشتمل ٹیم کرے گی۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ حکومت نے بہاولنگر واقعے کی تفتیش کیلئے مشترکہ انکوائری ٹیم بنا دی ہے حقائق اور ذمہ داروں کے تعین کے لئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بنائی گئی۔