ایرانی پولیس کی دو گاڑیوں پر جیش العدل کا حملہ ، 6اہلکار شہید ہوگئے

13 اپریل ، 2024

تہران(آئی این پی) سوران مہرستان میں جیش العدل کے ایرانی پولیس کی دو گاڑیوں پر حملے سے کم سے کم چھ پولیس اہلکار شہید ہوگئے،ایرانی میڈیا کے مطابق صوبہ سیستان اور بلوچستان میں سوران مہرستان روڈ پر پولیس کی دو کاروں پر دہشت گردوں نے حملہ کیا اور اس حملے میں کم ازکم 6پولیس اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ پولیس افسر حسین علی شیبک کے قتل کے مرکزی ملزم کو لے جا رہی تھی جب ان کا قافلہ مسلح حملے کا نشانہ بنا، جیش العدل کے عسکریت پسندوں نے اس حملے میں سائلنسر سے لیس ہتھیاروں کا استعمال کیا اس لیے گولی چلنے کی آواز نہیں سنی گئی۔ جیش العدل نے ایک مختصر بیان میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے، جس میں کہا گیا کہ جس فورس پر حملہ کیا گیا وہ ایک انٹیلی جنس آپریشنل یونٹ تھا جس کے ساتھ خصوصی دستے بھی تھے۔