دیکھنا ہوگا انسرجنسی کا فائدہ کس کو ہورہا ہے،گورننس میں بد انتظامی دورکرنے میں وقت لگے گا،وزیراعلیٰ بگٹی

13 اپریل ، 2024

ڈیرہ بگٹی (خ ن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان انسرجنسی کا تعلق پسماندگی سے نہیں بلوچستان کا مسئلہ سمجھنا ضروری ہے،دیکھنا ہوگا کہ انسرجنسی کی صورتحال کا فائدہ کس کو اور نقصان کس کو ہوررہا ہے، عید الفطر کے تیسرے بیکڑ ضلع ڈیرہ بگٹی میں کھلی کچہری میں مقامی عمائدین اور عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عام آدمی کے مسائل کے حل کیلئے پوری نیک نیتی سے کام کررہے ہیں بلوچستان میں گورننس کا نظام شدید بد انتظامی کا شکار ہے جسے درست کرنے میں وقت لگے گا سو فیصد درست کرنے کا دعویٰ نہیں کرتا تاہم درست سمت کا تعین ضرور کریں گے جس پر گامزن ہوکر مستقبل میں گورننس کو بہتر بنایا جاسکتا ہے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صحت کے شعبے میں مختص وسائل سے بلوچستان کے ہر فرد کا علاج ملک کی مہنگی ترین نجی اسپتال سے ہوسکتا ہے جبکہ اسی طرح تعلیم کا بجٹ صوبے کے ہر بچے پر خرچ کریں تو ہر بچہ مہنگے ترین نجی اسکول میں تعلیم حاصل کر سکتا ہے سوچنا ہوگا کہ مختص وسائل کا استعمال کیسے ہوررہا ہے بدعنوانی روک کر عوام کے وسائل عوام پر خرچ کرنا ہوں گے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرکاری امور میں جوابدہی کا عمل کمزور پڑ چکا ہے جزا و سزا کے بغیر گورننس میں بہتری نہیں آسکتی ،بدعنوانی میں ملوث عناصر کا محاسبہ ضروری ہے ہمیں مصلحتوں سے نکل کر صوبے اور غریب عوام کے لئے سوچنا ہوگا عوامی مسائل مختص وسائل کے غلط استعمال کے باعث ہیں جس تدارک نہایت ضروری ہے انہوں نے کہا کہ سرکاری نظام میں بہتری اور محکموں کی فعالیت کیلئے اصلاحاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے پر امید ہیں کہ بلوچستان سے بدعنوانی کے خاتمے اور ترقی کی درست سمت کا تعین کرکے عوامی مسائل کے حل میں کامیاب رہیں گے۔درایں اثناءوزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے آبائی علاقے بیکڑ ضلع ڈیرہ بگٹی میں عید الفطر کی نماز ادا کی اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے عمائدین، علماء اور علاقائی لوگوں کے ہمراہ ملک اور صوبے کی سلامتی خوشحالی اور ترقی کے لئے دعائیں کیں، میر سرفراز بگٹی عید گاہ میں موجود لوگوں سے عید ملے اور انہیں عید کی مبارکباد بھی دی ،وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ عید خوشی کا تہوار ہے اس موقع پر ہمیں غریب افراد اور ان شہداء کو نہیں بھولنا جنہوں نے عوام کے تحفظ اور بحالی امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا وزیر اعلیٰ عید گاہ میں لوگوں میں گھل مل گئے اور بزرگ افراد اور عام شہریوں سے گلے ملے لوگوں نے عید مبارک باد کے ساتھ ساتھ وزیر کو اپنے مسائل سے متعلق آگاہ کیا جس پر وزیر اعلیٰ نے موقع پر افسران کو لوگوں کی فوری شنوائی کی ہدایت کی بیکڑ میں میر سرفراز بگٹی کی رہائش گاہ پاکستان ہاؤس کے دروازے عید الفطر کے روز بھی عوام اور ہر خاص و عام کے لئے کھلے رہے جہاں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی فرداً فرداً ہر شخص سے ملے اور بلوچی حال احوال کیا ، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بیکڑ کے علاقے قلندری میں مقدم سید خان نوہکانی کے وفات پر ان کے لواحقین سے فاتحہ خوانی کی اور تعزیت کا اظہار کیا ، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے عیدالفطر کا پورا دن اپنے علاقے کے عوام کے ساتھ گزارا اور بعض مقامات پر مرحومین کی فاتحہ خوانی کے ساتھ سماجی روابط میں مصروف رہے۔