ایران کا ممکنہ جوابی حملہ، امریکا، برطانیہ اور یورپی ممالک نے اپنے شہریوں پر سفری پابندیاں لگادیں

13 اپریل ، 2024

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکا، برطانیہ اور یورپی یونین نے ایران کے حملے کے خدشے کے پیش نظر اسرائیل میں اپنے شہریوں پر سفری پابندیاں عائد کردی ہیں، برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی سفارتخانے نے اپنے عملے کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس، تل ابیب یا بیئر شیوا کے علاقوں سے باہر سفر نہ کریں۔فرانس، بھارت، روس ، برطانیہ اور پولینڈ سمیت دیگر ممالک نے بھی اسرائیل ایران کشیدگی کے پیش نظر اپنے شہریوں کو اسرائیل اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کا سفر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ روس اور جرمنی نے بھی فریقین کو مشورہ دیا کہ جنگ کا دائرہ ممکنہ وسیع ہونے کی صورت میں تحمل سے کام لیں۔ دوسری جانب فرانس نے بھی شہریوں کو ایران، لبنان، اسرائیل، فلسطینی علاقوں کا سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کردیں۔ وزارتِ خارجہ نے فرانسیسی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ایران، لبنان، اسرائیل اور فلسطینی علاقوں کا سفر نہ کریں۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے ترکیہ، چینی اور سعودی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ کیا، انٹونی بلنکن نے واضح کیا کہ امریکا کو خطے میں کشیدگی کے بارے میں تشویش لاحق ہے، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔