نریندرمودی کا ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہش کا اظہار

13 اپریل ، 2024

کراچی(نیوز ڈیسک) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے حال ہی میں امریکی جریدے کو ایک انٹرویو میں ہمسایہ ممالک چین اور پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔نیوز ویک میگزین کے ساتھ ایک انٹرویو میں وزیر اعظم مودی نےکہا کہ بھارت نے ہمیشہ خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کو فروغ دینے کی بات کی ہے، پڑوسیوں سے بہتر تعلقات چاہتے ہیں۔اپنے انٹرویو میں، جو کہ ماضی قریب میں کسی امریکی میگزین کو دیا جانے والا پہلا انٹرویو ہے،انہوں نےبانی چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری کے حوالے سےکہا کہ میں پاکستان کے اندرونی معاملات پر تبصرہ نہیں کروں گا ۔میں نے پاکستان کے وزیر اعظم شہبازشریف کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے۔ ہم نے ہمیشہ دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول میں خطے میں امن، سلامتی اور خوشحالی کو آگے بڑھانے کی حمایت کی ہے۔یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے سفارتی تعلقات 2019 کے پلوامہ حملے کے بعد متاثر ہوئے جس میں 40 بھارتی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ بھارت ہمیشہ کی طرح پاکستان پر الزام لگاتا ہے لیکن کوئی قابل اعتماد ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا۔