علی پور،عید کے دن بیوی سمیت7بچوں کو قتل کرنیوالا ملزم گرفتار

13 اپریل ، 2024

مظفرگڑھ‘علی پور،ہیڈ پنجند(نمائندہ جنگ‘ نامہ نگار) عید کے دوسرے روز علی پور میں بیوی سے گھریلو ناچاقی پر درندہ صفت شخص نے تیز دھار آلے کے وار کرکے اپنی بیوی اور 7بچوں کو بیدردی سے قتل کردیا،پولیس ذرائع کے مطابق مرنے والے افراد کی عمریں 6 ماہ سے 8 سال کے درمیان تھیں،پولیس نے ملزم سے آلہ قتل برآمد کرکے اسے گرفتار کرلیا ،تفصیلات کیمطابق تحصیل علی پور کے علاقے مڈوالا میں عید کے دوسرے روز کی صبح 10 بجے سجاد کھوکھر نامی شخص نے ڈنڈوں کے استعمال اور تیزدھار آلے کے وار کرکے اپنی بیوی اور سات معصوم بچوں کو قتل کردیا۔ قتل کیے جانے والوں میں سجاد کی 40 سالہ بیوی کوثر مائی،8 سالہ انسہ،7 سالہ کنزہ،6 سالہ رمشہ،4 سالہ مہناز،2 سالہ انس،3 سالہ سبحان اور 6 ماہ کی منزہ شامل ہیں، پولیس نے جائے وقوعہ سے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا،پولیس ذرائع کیمطابق ملزم درزی کا کام کرتا تھا اور ایک ٹانگ سے معذور تھا،،پولیس ذرائع کیمطابق ملزم نے ابتدائی تحقیقات میں پولیس کو بیان دیا کہ اسکی بیوی اسکی بات نہیں مانتی تھی جس کی وجہ سے آئے روز گھریلو جھگڑے رہتے تھے،واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی پی او مظفرگڑھ سید حسنین حیدر بھی فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے،ڈی پی او مظفرگڑھ سید حسنین حیدر کا کہنا تھا کہ ملزم کی ذہنی حالت ٹھیک ہے،ابتدائی تحقیقات میں گھریلو ناچاقی کی وجہ سامنے آئی ہے،واقعے کا مقدمہ پولیس کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت تھانہ صدر علی پور میں سجاد کھوکھر کیخلاف درج کرلیا گیا ہے،،مرنے والے بچوں سمیت تمام 8 افراد کی اجتماعی نمازجنازہ گزشتہ روز مڈوالا تحصیل علی پور میں ادا کردی گئی،نمازجنازہ میں مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے رانا عبدالمنان ساجد سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور عام شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی،نمازجنازہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے رانا عبدالمنان ساجد کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے اس دلخراش واقعے کا نوٹس لیکر پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے،مقتولہ کوثر مائی کے والدین روزی کے سلسلہ میں راولپنڈی مقیم ہیں۔