وزیراعلیٰ مریم نے بے سہارابزرگوں ،خواتین، بچوں کیساتھ عید منائی

13 اپریل ، 2024

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے عید سہارا، بے گھر اور بے نوا،سپیشل بچوں،خواتین اور بزرگوں کے ساتھ منائی۔ وزیراعلیٰ نے سوشل ویلفیئر کمپلیکس ٹاؤن شپ میں ”چمن“،”عافیت“ اور ”درالفلاح“ کا دورہ کیا، بزرگ خواتین کو حج پر بھجوانے کے لئے اقدامات کا حکم دیا، سب کو تحائف پیش کئے اور بچوں کو کھلونے مٹھائیاں دیں ،سپیشل بچوں کے ساتھ مل کر عید کیک بھی کاٹااور اپنے ہاتھ سے کھلایا۔وزیراعلی سب سے پہلے بے سہارا بچوں کے لئے قائم مرکز ”چمن“ پہنچیں اوربچوں کے ساتھ گھل مل گئیں اوربچوں کے ساتھ گپ شپ لگائی ،بچوں نے شکریہ ادا کیا۔ ”اولڈ ایج ہوم عافیت“ میں مقیم39بزرگ مرد وخواتین کی خیریت دریافت کی، مریض خاتون کو ساتھ بٹھا لیا اور چوڑیاں بھی پہنائیں،عیدمبارک کہنے پر بزرگ آبدیدہ ہو گئے۔ وزیر اعلیٰ نے قائد محمد نواز شریف کی طرف سے بھی بزرگوں کوسلام پیش کیا۔ایک بزرگ نے کہا کہ عید پر میرے اپنے تو نہ آئے،مریم بیٹی آ گئی،میں بہت خوش ہوں۔بزرگ خاتون نے کہا کہ بیٹیاں ملتی ہیں تو ٹھنڈ پڑ جاتی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ میرا وقت آپ کے لئے ہی ہے، دعا کیجیے گا کہ عوام کی خدمت کرسکوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے میر ے والدین کی دعائیں لگی ہیں،ماں باپ کی قدر نہ کرنے والے خسارے میں جاتے ہیں۔