پنجاب ،393مراکز 22اپریل سے گندم 3900روپے من خریدینگے

13 اپریل ، 2024

اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) وزیراعلیٰ پنجاب کی کسان دوست پالیسیوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے محکمہ خوراک پنجاب نے صوبہ بھر میں گندم کی خریداری کے 393مراکز قائم کر دیئے ہیں۔ ان مراکز میں 22اپریل سے ہر ورکنگ ڈے کو صبح 9بجے سے سہ پہر 4بجے کسانوں کے گندم کے بھرے ٹرک‘ ٹرالر‘ بیل گاڑیوں میں موجود گندم محکمہ خوراک کے اہلکار خریدیں گے۔ کسانوں کو قطاروں میں کھڑا کرنے کی بجائے وزیراعلیٰ نے سرکاری ویٹ پروکیورمنٹ پالیسی کا اعلان کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ زمین داروں کو بار دانہ حاصل کرنے کیلئے کسی کو رشوت نہیں دینا پڑے گی بلکہ محکمہ خوراک کی باردانہ ایپ پر صوبہ بھر کے کاشتکار اپنی ضرورت کا بار دانہ مہیا کرنے کی تحریری درخواستیں دینگے۔ پہلے آئو پہلے پائو کے اصول کے تحت محکمہ خوراک بار دانہ دینے کا پابند ہو گا۔ بار دانہ کیلئے محکمہ خوراک کے باردانہ ایپ پر آج سے درخواستیں جمع کرانا ہونگی جو 17اپریل تک وصول کی جائینگی اور 19اپریل سے محکمہ خوراک درخواست گزار کاشتکاروں کو اُنکی اراضی کے تناسب سے باردانہ مہیا کریگا۔ حکومت پنجاب کا محکمہ خوراک نئی فصل سے 20لاکھ ٹن گندم خریدے گا جبکہ پاسکو کم و بیش 35لاکھ ٹن گندم کی خریداری کریگا اور پاکستان فلور ملنگ انڈسٹری 40لاکھ ٹن کے لگ بھگ نئی فصل سے 39سو روپے فی چالیس کلو گرام کی سرکاری قیمت پر گندم خریدیں گے۔ گندم کی بین الاضلاعی اور بین الصوبائی نقل و حمل پر وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز کے حکم پر ہر قسم کی پابندی اٹھا لی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ محترمہ مریم نواز نے ویٹ پریکیورمنٹ پالیسی 25-2024کی منظوری دیدی ہے اسکے مطابق کسانوں کو کھیت سے گندم کی خریداری کے مرکز پر گندم لانے کا فی سو کلوگرام بوری خرچہ 30روپے دیا جائیگا۔ خریداری کے مراکز پر زیادہ سے زیادہ 10فیصد نمی والی گندم خریدی جائے گی۔