بھارت سرحدوں کے تعین کےلیے مل کرکام کرے،چین

13 اپریل ، 2024

اسلام آباد( صالح ظافر)چین نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ بھارت باہمی تعلقات کےلیے سرحد کے تعین کے سوال پر مل کر کام کریگا اور اسے مناسب طریقے سے مینیج کریگا جس کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کو محفوظ و مامون راستے پر ڈالا جاسکتا ہے۔ چینی ترجمان بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے نیوز ویک میگزین کو دیے گئے اس انٹرویو پر تبصرہ کررہی تھیں جس میں بھارتی وزیراعظم نے کہا تھا کہ بیجنگ نئی دہلی کےلیے بہت اہم ہے اور سرحدوں پر طویل ( کشیدہ) صورتحال کو فوری طور پر دیکھنے کی ضرورت ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت اپنی جانب سے یہ واضح اظہار کرچکا ہے کہ جب تک سرحدوں پر صورتحال ابنارمل رہے گی اس وقت تک چین سے نارمل تعلقات کی بحالی ممکن نہیں ہوسکتی۔ چینی وزارت خارجہ کے ایک سینئر رہنما نے کہا کہ’’ بھارت اور چین نے سرحدی کشیدگی کو رفع کرنے کےلیے مثبت پیشرفت کی ہے اور دونوں فریقین سفارتی اور فوجی چینلز کے ذریعے قریبی رابطے برقرار رکھتے ہوئے ہیں۔ چینی وزیرات خارجہ کی ترجمان مائوننگ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ’’ ہمیں امید ہے کہ بھارت اور چین مل کر کام کرینگے، باہمی تعلقات کو تزویراتی بلندی اور طویل مدتی نقطہ نظر سے بنانے دیکھے گا، اعتماد کی تعمیر جاری رکھے گا اور مذاکرات و تعاون میں حصہ لے گا اور اختلافات سے نمٹنے کےلیے موزوں طریقہ اپنا ئےگا جس کی بنیاد پر محفوظ و مامون راستے پر تعلقات کو بڑھایاجاسکے۔