پاکستان میں کورونا ویکسین کے ’مِکس اینڈ میچ‘ کلینیکل ٹرائلز کا آغاز

28 نومبر ، 2021

کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان کے ادارہ برائے قومی صحت نے کورونا ویکسین کے ’مِکس اینڈ میچ‘ کلینیکل ٹرائلز کی منظوری دے دی، ٹرائلز کے تحت ایسٹرازینیکا، سائنو فارم اور کین سائنو بائیو کی تیار کردہ کورونا ویکسینز کی مختلف خوراکیں دی جائیں گی۔ قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد کے ایک ترجمان نے ایک نیوز ویب سائٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مِکس اینڈ میچ کلینیکل ٹرائلز قومی ادارہ برائے صحت اور آغا خان یونیورسٹی کی زیر نگرانی کیے جائیں گے جس میں آکسفورڈ یونیورسٹی، ہارورڈ میڈیکل اسکول سے اشتراک کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ان ٹرائلز کے دوران ایسٹرازینیکا، سائنو فارم اور کین سائنو بائیو کی کورونا ویکسین کے مختلف کامبی نیشن بنا کر خوراک دی جائے گی اور اس سے آنے والے انسانی جسم پر اثرات کو دیکھا جائے گا۔ جبکہ ویکسین کی افادیت اور نئی ویریئنٹس پر ویکسین کے اثرات کو بھی جانچا جائے گا۔