وزیراعلیٰ مریم نے بے سہارابزرگوں ،خواتین، بچوں کیساتھ عید منائی

13 اپریل ، 2024

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے عید سہارا، بے گھر اور بے نوا،سپیشل بچوں،خواتین اور بزرگوں کیساتھ منائی۔وزیراعلی ٰنے سوشل ویلفیئر کمپلیکس ٹاؤن شپ میں ”چمن“، ”عافیت“ اور ”درالفلاح“ کا دورہ کیا، بزرگ خواتین کو حج پر بھجوانے کے لئے اقدامات کا حکم دیا، سب کو تحائف پیش کئے اور بچوں کو کھلونے مٹھائیاں دیں ، سپیشل بچوں کے ساتھ مل کر عید کیک بھی کاٹااور اپنے ہاتھ سے کھلایا۔وزیراعلی سب سے پہلے بے سہارا بچوں کے لئے قائم مرکز ”چمن“ پہنچیں اوربچوں کے ساتھ گھل مل گئیں اوربچوں کے ساتھ گپ شپ لگائی ،بچوں نے شکریہ ادا کیا۔ ”اولڈ ایج ہوم عافیت“ میں مقیم39بزرگ مرد وخواتین کی خیریت دریافت کی، مریض خاتون کو ساتھ بٹھا لیا اور چوڑیاں بھی پہنائیں،عیدمبارک کہنے پر بزرگ آبدیدہ ہو گئے۔وزیر اعلیٰ نے قائد محمد نواز شریف کی طرف سے بھی بزرگوں کوسلام پیش کیا۔ایک بزرگ نے کہا کہ عید پر میرے اپنے تو نہ آئے،مریم بیٹی آ گئی،میں بہت خوش ہوں۔بزرگ خاتون نے کہا کہ بیٹیاں ملتی ہیں تو ٹھنڈ پڑ جاتی ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ میرا وقت آپ کے لئے ہی ہے، دعا کیجیے گا کہ عوام کی خدمت کرسکوں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے میر ے والدین کی دعائیں لگی ہیں،ماں باپ کی قدر نہ کرنے والے خسارے میں جاتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف والدہ مرحومہ کا ذکر کرتے ہوئے اداس ہو گئیں۔وزیراعلی ٰنے بے سہارا بیوہ خواتین کے لئے قائم”دارالفلاح“کا بھی دورہ کیا،8بیوہ خواتین اور ان کے بچوں سے ملاقاتیں کیں ،بچوں کو پیار کیا اور گلے لگا لیا۔بچے اور ان کی ماؤں نے وزیراعلی کو دیکھ کر اظہار مسرت کیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کھلونے،مٹھائی اور دیگر تحائف پیش کئے۔بچوں اور ان کی ماؤں نے دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ آپ ہی تو ہماری اپنی ہیں،اللہ آپ کو سلامت رکھے۔سینیٹر پرویز رشید،وزیراطلاعات عظمی زاہد بخاری،صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ،معاون خصوصی ذیشان ملک،چیف سیکرٹری زاہد زمان اختر،کمشنرمحمد علی رندھاوا،ڈپٹی کمشنررافعہ حیدر، سیکرٹری اطلاعات دانیال سلیم گیلانی، ڈی جی پی آرروبینہ افضل اور دیگر حکام بھی موجود تھے،دریں اثناءپنجاب میں طلبا کو 20 ہزار موٹر سائیکلوں کی فراہمی کے پروجیکٹ کا آغاز ہوگیا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نےمظفرگڑھ کی تحصیل علی پور میں ماں اور7بچوں کے لرزہ خیز قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے رپورٹ طلب کر لی ہے،انہوں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی مکمل تحقیقات اور ملزم کو کیفر کردار تک پہنچانے کا حکم دیا ہے،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی ہدایت پرطلبا کو آسان اقساط پر بائیکوں کی فراہمی کے لیے رجسٹریشن شروع ہوگئی ہے، طلبا کو بلاسود بائیکیں دینے کے لیے حکومت پنجاب ایک ارب روپے سبسڈی ادا کرےگی۔"چیف منسٹر یوتھ انی شیٹس" پراجیکٹ کے پہلے مرحلے میں 19ہزار پیٹرول بائیکس اور ایک ہزار ای بائیکس فراہم کی جائیں گی۔20ہزار ڈاؤن پیمنٹ اور بائیک کی ماہانہ اقساط پر مارک اپ بھی حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ پہلے مرحلے میں فیصل آباد، ملتان، بہاولپور، راولپنڈی اور لاہور میں ای بائیک دی جائیں گی ۔