عید پر بجلی کی قیمتوں میں کمی حکومت کی طرف سے تحفہ ہے‘ عطاء تارڑ

13 اپریل ، 2024

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر بجلی کی قیمتوں میں کمی عوام کیلئے حکومت کی طرف سے خصوصی تحفہ ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی تمام تر توجہ مہنگائی میں کمی پر مرکوز ہے، اپریل کے مہینے میں گزشتہ ماہ کی نسبت 3 روپے 82 پیسے کمی واقع ہوئی۔ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں ڈالر ریٹ پر انحصار ہوتا ہے، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے کی وجہ سے بجلی کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے، ہماری حکومت سے پہلے کاروباری حضرات اور ایکسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا تھا۔ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، آج ایکسچینج ریٹ اور روپے کی قدر مستحکم ہے۔ اگر حالات میں اسی طرح بہتری رہی تو بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عالمی مالیاتی جریدے بھی کہہ رہے ہیں کہ مہنگائی میں کمی ہو رہی ہے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے گا۔ وزیراعظم کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی ولی عہد نے 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا جس کے بعد ملک کی سٹاک مارکیٹ میں نمایاں تیزی آئی۔ ہمیں قرضہ نہیں تجارت چاہئے۔ اپنے حلقہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ انہیں وفاقی کابینہ میں کم عمر ترین وزیر بننے کا اعزاز حاصل ہے۔