وزیراعظم کا مختلف اسلامی ممالک کے سربراہان سے ٹیلیفونک رابطہ

13 اپریل ، 2024

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیراعظم کا مختلف اسلامی ممالک کے سربراہان سے ٹیلیفونک رابطہ، صدر آصف زرداری‘ بلاول بھٹو‘ دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنمائوں، افواجِ پاکستان کے سربراہان کو بھی عید الفطر کی مبارکباد دی۔ وزیرِاعظم شہباز شریف کو کویت کے وزیرِاعظم شیخ محمد صباح السالم الصباح نے عید کے موقع پر ٹیلی فون کیا اور عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔ پاکستان اور کویت کے مابین دیرینہ و تاریخی برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور تعلقات کو دونوں ممالک کے عوام کیلئے باہمی طور پر مفید شراکت داری میں بدلنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کو ٹیلی فون کیا اور انہیں عید الفطر کی مبارکباد دی۔ وزیرِاعظم ملائیشیا کے عوام کیلئے بھی مبارکباد اور خیر سگالی کا پیغام دیا۔ وزیرِاعظم شہباز شریف نے بحرین کے فرماں روا حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کو ٹیلی فون کیا۔ وزیرِاعظم نے انہیں اور بحرین کے عوام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی علاوہ ازیں وزیرِاعظم شہباز شریف نے صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔ وزیرِاعظم نے دیگر اتحادی جماعتوں کے رہنمائوں کو بھی عید الفطر کی مبارکباد دی۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے افواجِ پاکستان کے سربراہان کو بھی عید الفطر کی مبارکباد دی اور کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم سرحدوں پر اپنے وطن کی حفاظت پر مامور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔ وزیرِاعظم نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ کے سربرہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کو ٹیلیفون پر عید کی مبارکباد دی