3نوجوان ڈوب گئے ، حادثات میں خاتون سمیت 4جاں بحق ، 2افراد قتل ، 8زخمی

13 اپریل ، 2024

اٹک،پنڈی گھیب،سرائےعالمگیر ،دولتالہ، کلر سیداں(نمائندگان جنگ) اٹک خورد کے مقام پرعید کے موقع پر پکنک مناتے ہوئے 3نوجوان دریائے سندھ میں ڈوب گئے۔ ایک کی لاش نکال لی گئی جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ سرائے عالمگیرمیں ٹریفک حادثات میں تین بچوں کے باپ سمیت دو افراد لقمہ اجل بن گئے جبکہ سات شدید زخمی ہوئے ۔ تحصیل حسن ابدال میں لیدر پوائنٹ شاپ کے قریب 40 سالہ زوجہ معروف ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئی ۔سی این جی پمپ پرگیس بلاسٹ کے نتیجے میں نوجوان ملازم جاں بحق ہو گیا۔ 35سالہ اسد علی نے جیسے ہی کمپریسر مشین آن کی تو گیس لیکیج کی وجہ سے بلاسٹ ہو گیا۔ تھانہ مندرہ کے علاقہ ہرنال میں کلہاڑی کے وار سے ایک شخص قتل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ہرنال میں لڑائی جھگڑا کے ایک واقعہ میں نوجوان محمد عدیل کو کلہاڑی کے وار کر کے قتل کر دیا گیا ۔ گھریلو ناچاقی پر ملزم نے گولیاں مار کر ساس کو قتل جبکہ بیوی کو زخمی کر دیا جسے راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ۔ افسوسناک واقعہ چوآ خالصہ کے نواحی محلہ اکبری میں پیش آیا ملزم شعیب الطاف اور اس کی بیوی کے درمیان لڑائی جھگڑا چل رہا تھا کہ اس دوران اس کی 45سالہ ساس ساحرہ بانو بھی آ گئی ۔ دریں اثناء لڑائی جھگڑےکے ایک اور واقعہ میں گولیاں چلنے سے تین افراد زخمی ہو گئے ۔