پاکستان کی جنوبی افریقہ سمیت 6ممالک سے پروازوں پر پابندی

28 نومبر ، 2021

اسلام آباد (جنگ نیوز )کورونا وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد پاکستان نے 6ممالک سے پروازوں پر پابندی عائد کر دی۔ہفتے کو پاکستان میں کورونا وائرس پر کنٹرول کرنے کیلئے قائم ادارے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ʼنئے ویریئنٹ کے خطرے کی وجہ سے جنوبی افریقہ، ہانگ کانگ، موزمبیق، نمیبیا، لیسوتھو، اور بوٹسوانا کو کیٹگری سی میں شامل کر لیا گیا ہے۔ان ممالک سے براہ راست یا بالواسطہ پاکستان سفر پر فوری طور پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔این سی او سی کے مطابق وہ پاکستانی مسافر جنہیں شدید ہنگامی حالت میں ان ممالک سے سفر کرنا ہے، انہیں’’ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ،منفی پی سی آر ٹیسٹ (جو بورڈنگ سے قبل زیادہ سے زیادہ 72 گھنٹے پہلے کا ہو)،ایئرپورٹ آمد پر آر اے ٹی ٹیسٹ،آر اے ٹی ٹیسٹ منفی آنے کی صورت میں گھر میں لازمی طور پر تین دن کا قرنطینہ اور تیسرے دن سول ایڈمنسٹریشن دوبارہ سے آر اے ٹیسٹ کرے گی۔آر اے ٹی ٹیسٹ مثبت آنے کی صورت میں 10 دن کا لازمی قرنطینہ اور 10 ویں دن قرنطینہ میں ہی پی سی آر ٹیسٹ ہوگا‘‘جیسے اقدامات لازمی کرنا ہوں گے اور اس کے بعد ہی ملک میں داخلے کی اجازت ہوگی،دریں اثنا این سی او سی نے وائرس کی نئی قسم سامنے آنے کے بعد عوام سے احتیاطی تدابیر پر سنجیدگی سے عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔این سی او سی نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ سے ٹویٹ کیا کہ ʼمختلف ممالک میں نئے ویریئنٹ ʼمیکرون کے سامنے آنے کے بعد ایس او پیز پر سنجیدگی سے عمل کرنا ضروری ہے۔قبل ازیں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ʼکورونا کے نئے ویریئنٹ کے سامنے آنے کی وجہ سے چھ جنوبی افریقی ممالک اور ہانگ کانگ سے سفر پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ʼنئی قسم کے سامنے آنے کے بعد 12 سال یا اس سے زیادہ عمر کے تمام اہل شہریوں کو ویکسین لگانا مزید ضروری ہو گیا ہے۔