میں نے اگر قانون توڑا تو استعفیٰ دے دوں گی،انجیلا رینر

14 اپریل ، 2024

لندن (پی اے) لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر انجیلا رینر نے کہا ہے کہ اگر میں قانون شکنی کی مرتکب پائی گئی تو استعفیٰ دے دوں گی۔ انھوں نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ میں نے ہمیشہ قانون کی پاسداری کی ہے۔ ان پر سابق کونسل ہائوس میں رہنے والوں کے حوالے غلط معلومات فراہم کرنے کا الزام ہے۔ گریٹر مانچسٹر پولیس اس بات کی تفتیش کررہی ہے کہ آیا کوئی قانون شکنی ہوئی ہے یا نہیں؟۔ انھوں نے کہا کہ برطانوی عوام کو یہ حق ہے کہ سیاستدانوں پر بھی قانون کا اطلاق ہو اور وہ اس پر عملدرآمد کریں۔ اینجیلا نے، جو ہائوسنگ کی شیڈو وزیر بھی ہیں، کہا کہ وہ جتنی جلد ممکن ہو، متعلقہ اتھارٹیز کو حقائق سے آگاہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ واقعہ میرے رکن پارلیمان بننے سے قبل کا ہے، میں نے اپنی فیملی کے حالات درست کرلئے اور ٹیکس اور قانونی مشیروں سے مشورہ کیا ہے۔ پولیس نے یہ تفتیش ٹوری پارٹی کے ڈپٹی چیئرمین جیمز ڈیلی کی شکایت پر شروع کی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ انھوں نے پولیس کو بتایا ہے کہ پڑوسی انجیلا کے بیان کی نفی کررہے ہیں، ان کے شوہر سے علیحدہ پراپرٹی ان کی اصل رہائش ہے۔ ابتدائی طورپر پولیس کا کہنا ہے کہ کوئی تفتیش نہیں کی گئی لیکن جیمز ڈیلی کا کہنا ہے کہ معلوم ہوتا ہے کہ پولیس نے انتخابی فہرستوں اور دیگر ڈاکومنٹس کو نہیں دیکھا اور پڑوسیوں سے بھی پوچھ گچھ نہیں کی ہے۔ گریٹر مانچسٹر پولیس کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم اس بات کی تفتیش کررہے ہیں کہ آیا کسی قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے یا نہیں؟۔ جس کے بعد مسٹر ڈیلی کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کا تجزیہ کیا جائے گا۔ پولیس نے اپنی تفتیش کے حوالے سے مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔ انجیلا رینر نے سابق کنزرویٹو وزیراعظم مارگریٹ تھیچر کی جانب سے متعارف کرائی گئی Right to Buy اسکیم کے تحت 25 فیصد رعایت حاصل کر کے 2007 میں ایک مکان خریدا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ انھوں نے 8 سال بعد اس مکان کو فروخت کر کے 48,500پائونڈ منافع کمایا۔ 2015 میں جب انھوں نے مکان فروخت کیا، اس وقت تک انتخابی فہرستوں کے مطابق سابق تیماردار کی حیثیت سے رجسٹرڈ ایک شخص گریٹر مانچسٹر کے علاقے اسٹاک پورٹ میں ویکریج روڈ پر اس مکان میں قیام پذیر تھا لیکن 2010 میں انھوں نے شادی کے بعد پیدا ہونے والے اپنے 2بچوں کے حوالے سے 2مختلف پتے لکھوائے۔ ٹیکس ماہرین کا کہنا ہے کہ بدترین صورت حال میں ان پر کم وبیش 3,500پائونڈ کیپٹل گین ٹیکس کی عدم ادائیگی کا الزام لگایا جاسکتا ہے۔ انجیلا رینر نے کہا کہ وہ اپنے ماضی کے حوالے سے کنزرویٹو وزرا کے کہنے پر کوئی معذرت نہیں کریں گی۔ اس سے قبل لیبر پارٹی کے قائد سر کیئر اسٹارمر نے کہا تھا کہ انھیں پورا یقین ہے کہ انجیلا رینر نے قانون شکنی نہیں کی ہے۔