عید پر اسرائیلی فوج کی فلسطین پربمباری نہ رک سکی، سہیل شجاع

14 اپریل ، 2024

میرپور( جنگ نیوز)متحدہ مرکزی انجمن تاجراں میرپورکے صدر سہیل شجاع مجاہد، جنرل سیکرٹری راجہ خالد محمود خان نے کہا کہ عید کے موقع پر اسرائیلی فوج کی فلسطین پر بمباری نہ رک سکی جو امت مسلمہ کیلئے لحمہ فکریہ ہے ، او آئی سی فلسطین اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرانے کے لیے سنجیدگی سے غور کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین پر اسرائیلی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کو نہ روکا گیا پوری دنیا کا امن خطرے میں پڑسکتا ہے اور تیسری جنگ کے خطرات بڑھ رہے ہیں جس کی وجہ سے پوری دنیا کا امن تباہ ہو سکتا ہے ۔ عالمی برادری فوری طور پر فلسطین پر اسرائیلی حملوں کو بند کروانے کے لیے اقوام متحدہ پر زور ڈالے اور بین الاقوامی طاقتوں سے پر زور مطالبہ کیا جائے کہ وہ فلسطین کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔ انھوں نے کہاکہ اسرائیلی حملوں کے نتیجہ میں ہزاروں کے حساب سے مرد خواتین بچے اور بے گناہ شہری شہید ہورہے ہیں لیکن عالمی امن کے علمبرداروں کے کانوں پر جوں تک رینگ نہیں رہی ۔ غزہ پر اسرائیلی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر اور فلسطین میں ظالم و بربریت کی انتہا ہوچکی ، عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ۔