وزیر اعظم آزاد کشمیر ہریام برج مکمل کرنے کا وعدہ پورا کریں، الیاس راجپوت

14 اپریل ، 2024

میرپور ( جنگ نیوز) مسلم لیگ ن ضلع میرپور کے سینئر نائب صدر کونسلر میونسپل کمیٹی اسلام گڑھ الیاس راجپوت نے کہا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر ہریام برج کو مکمل کرنے کا وعدہ پورا کریں ،مزید تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کرینگے ۔ پندرہ سال سے زائد کا عرصہ بیت جانے کے باوجود چک اریام برج پر کام مکمل نہ ہونا سوالیہ نشان ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر عید ملن پارٹی کے موقع پر شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ بار بار نشاندہی کے باوجود چک اریام برج کے آخری حصے کو مکمل نہیں کیا جا رہا ہے ۔ کبھی فنڈز کی کمی اور کبھی ٹھیکیدار کے فرار کے بہانے بنا کر نہ صرف متاثرین کے زخموں پر نمک پاشی ہے بلکہ عوام کے ساتھ کھلا مذاق ہے ۔ چک اریام برج کی فوری مرمتی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جا ئے ۔ فرضی جمع تفریق کی بجائے ہنگامی سطع پر کام کیا جا ئے۔ الیاس راجپوت نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر ہریام بریج کو مکمل کرنے کا وعدہ پورا کریں۔ اہلیان میرپور کی قربانیوںکو نظر انداز نہ کیا جائے۔ ہوائی اعلانات سے نہیں عملی اقدامات کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اہلیان میرپور نے منگلا ڈیم کی تعمیر اور دوبارہ ڈیم ریزنگ کے وقت اپنے گھر بار چھوڑ کر ہجرت کر کے عظیم قربانیاں دی ہیں۔ لیکن مقام افسوس ہے کہ ان کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا ہے۔