میرپور مسائلستان ،اندرون شہر سڑکیں کھنڈز بن چکی، خالد فاروق

14 اپریل ، 2024

میرپور( جنگ نیوز)مرکزی رہنما،ممبر رابطہ کمیٹی متحدہ قومی موومنٹ خالدفاروق ایڈووکیٹ اور ممبررابطہ کمیٹی نسرین ملک نے کہا کہ میرپور مسائلستان بن گیا ہے ،اندرون شہر سڑکیں کھنڈز بن چکی ہیں ڈیفنس روڈ علامہ اقبال روڈ پر سفر کرنا محال ہے مگر منتخب نمائندگان کی میرپور دشمنی سمجھ سے بالاتر ہے اہلیان میرپور کو بے و کس و مجبور نہ سمجھا جائے حکومت ہوش کے ناخن لے وگرنہ احتجاج سے گریز نہیں کرینگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ خالد فاروق نے کہا کہ میرپور کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا جارہا ہے ۔ جبکہ میرپور کے عوام نے خطے کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔منگلا ڈیم کی تعمیر اور پھر توسیع کے موقع پر دو بار اپنے ابائواجداد کی قبروں کو پانی کی نذر کیا ۔ اپنا گھر بار سب کچھ پاکستان کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کیلئے قربان کر دیا مگر اس کے صلے میں میرپور کے عوام کو کوئی سہولت نہ دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال روڈ کے فنڈز بھی منظور ہو چکا ہے لیکن بغض کی وجہ سے اس کو ابھی تک مکمل نہیں کیا جا رہا نہ ہی شروع کیا جا رہا شہری سیاسی جنگ کی مفت میں سزا بھگت رہے ہیں اس کے علاوہ ڈیفنس روڈ اور اندرون شہر کے سیکٹرز کی حالت زار بھی سب کے سامنے ہے اب یہ برداشت نہیں کرینگے۔ شہریوں کو سزا نہ دی جائے، اہلیان میرپور کی قربانیوں کو ضائع نہ کیا جائے اور نہ ہی سیاسی بھینٹ چڑھایا جائے۔ وزیر اعظم گڈگورننس کی بات کو پورا کریں اور میرپور کو پیکیج دیں۔