8 ارب ڈالر کانیا پیکج،وزیر خزانہ امریکا روانہ،15 تا 20 اپریل کے دوران آئی ایم ایف سےپیکیج پر گفتگو کرینگے، روانگی سے قبل وزیراعظم کو ملاقات میں تفصیلات سے آگاہ کیا

14 اپریل ، 2024

اسلام آباد( خبر ایجنسیاں)وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف کے ساتھ نئے معائدے پر بات چیت کے لئے امریکہ روانہ ہو گئے ۔ روانگی سے قبل انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور انہیں اپنے دورہ کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ یہ دورہ ایسے وقت میں سامنے آرہا ہے جب پاکستان عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ نیا معاہدہ کرنے جا رہا ہے۔وزیراعظم ہائوس کے مطابق وزیر خزانہ نے ملاقات میں وزیراعظم کو آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور دیگر اداروں کے ساتھ ملاقاتوں کے شیڈول کے حوالے سے بتایا۔ ماہرین کی ٹیم کے ہمراہ محمد اورنگزیب آئی ایم ایف کے ساتھ ملاقات میں 6ارب سے 8ارب ڈالر کے نئے پیکج کے حوالے سے گفتگو کا آغاز کریں گے۔اس حوالے سے مرکزی وزارتی ملاقاتیں 17 تا 19 اپریل کے درمیان ہوں گی، جبکہ دیگر ایونٹس کا انعقاد 15 تا 20 اپریل کے دوران ہوگا۔محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کے ممبران آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سربراہان سمیت دیگر عالمی مالیاتی اداروں کے سینئر عہدیداران اور چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات ، ترکیہ اور دیگر حلیف ممالک کے وزرا خزانہ سے دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے۔وہ پاکستان کی مختلف ملاقاتوں میں نمائندگی کے علاوہ امریکی آفیشلز سے بھی ملاقات کریں گے۔