سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی تحقیقات ہونی چاہئیں،جسٹن ٹروڈو

14 اپریل ، 2024

اوٹاوا(کے پی آئی ) کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ایک بار پھر بھارتی خفیہ ایجنسیوں کے ہاتھوں کینیڈین سرزمین پر خالصتان نواز سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کی تحقیقات پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی حکومت اپنے ملک کے تمام شہریوں کے حقوق اور آزادی کے دفاع کے لیے کھڑی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جسٹن ٹروڈونے کینیڈا کے انتخابی عمل میں غیر ملکی مداخلت کے حوالے سے ایک اعلی سطحی عوامی انکوائری میں بیان دیتے ہوئے کہاکہ پچھلی حکومت بھارتی حکومت سے خوش تھی۔ ٹروڈو نے کہا کہ اصول یہ ہے کہ جو بھی شخص دنیا کے کسی بھی حصے سے کینیڈا آتا ہے، اس کو ایک کینیڈین کی طرح تمام حقوق حاصل ہیں اور ہم تمام کینیڈین شہریوں کے حقوق کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کا انتہائی سنگین معاملہ پارلیمنٹ کے سامنے لایا جس سے تمام کینیڈین شہریوںکے حقوق اور آزادی کے دفاع کے لیے ہماری حکومت کا عزم ظاہر ہوتا ہے ۔