انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 12.4 فیصد کمی ریکارڈ

14 اپریل ، 2024

راولپنڈی(جنگ نیوز)پاکستان کی جنوری میں آئی ٹی برآمدات 12.4فیصد کم ہوکر 265ملین ڈالر رہ گئیں،معروف آئی ٹی برآمد کنندہ نعمان سعید کے مطابق جنوری 2024ء میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات کے اعداد و شمار تشویشناک ہیں کیونکہ دسمبر2023ء کے مقابلے میں ماہانہ بنیادوں پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات میں12.4فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگا کہ آئی ٹی انڈسٹری میں کھلے ذہن کے ساتھ چیلنجز موجود ہیں جو آئی ٹی برآمدات کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لانے کی کوششوں میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔نعمان سعید نے اس بات کا اعادہ کیا کہ آئی ٹی ایک ایسا شعبہ ہے جو روپے اور ڈالر کی برابری کو مستحکم کرکے پاکستان کے سماجی و اقتصادی اشاریوں کو بہتر بنانے میں مدد کرسکتا ہے اور ملکی برآمدات میں تیزی سے اضافے کی وجہ سے افراط زر کے دباؤ پر ڈالر کے کئی گنا زیادہ اثرات مرتب کرسکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی ٹی ایک ایسی صنعت ہے جسے 5 سے 10 سال کی انکیوبیشن مدت کی ضرورت نہیں ہوتی ہے جیسا کہ ملک کی دیگر برآمدی صنعتوں میں ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 3.5 بلین ڈالر ملک کی سالانہ آئی ٹی برآمدات کا بالکل ہدف ہونا چاہئے۔