لندن: فلسطین سالیڈرٹی کمپین اور جنگ مخالف تنظیموں کا اسرائیل مخالف احتجاج

14 اپریل ، 2024

لندن ( سعید نیازی ) اسرائیلی جارحیت کو شروع ہوئے چھ ماہ گزر گئے لیکن اسرائیل کے خلاف احتجاج کرنے والوں کا جذبہ سرد نہ ہوسکا، ہفتہ کے روز بھی سینٹرل لندن میں فلسطین سالیڈرٹی کمپین اور جنگ مخالف تنظیموں کا اسرائیل کے خلاف بڑا احتجاج کیا، مظاہرے کا آغاز رسل اسکوائر سے ہوا، شرکا آلڈچ اور ایمبیکمنٹ سے ہوتے ہوئے پارلیمنٹ اسکوائر پہنچے، اسرائیلی جارحیت کو چھ ماہ سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود جنگ مخالف مظاہروں کے شرکا میں کمی نہ آسکی ہے اور مظاہرے میں مسلمانوں سمیت ہر رنگ و نسل اور مذاہب کے لوگوں کی شریک تھے، احتجاجی مظاہرے کے شرکاء تمام راستے فری فری فلسطین اور قتل عام بند کرنے کے حوالے سے نعرے بازی کرتے رہے، مظاہرے میں شریک چند افراد کا جنگ لندن سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کرکے بحالی کا کام شروع کیا جائے، بعض شرکا نے وزیر اعظم رشی سوناک سے مطالبہ کیا کہ برطانیہ اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی روک دے، اسرائیل کے خلف فلسطینوں کے قتل عام میں ملوث ہونے پر جنگی جرائم کا مقدمہ قائم کیا جائے، شرکا کا کہنا تھا کہ ہمارا احتجاج اس وقت تک جاری رہے گا جب تک اسرائیل کی افواج غزہ سے نکل نہیں جاتیں۔