حیدرآباد، چلتی ٹرین میں پولیس اہلکار کا خاتون پر تشدد، ملزم گرفتار

14 اپریل ، 2024

کراچی (جنگ نیوز) کوٹری اور حیدرآباد کے درمیان ملت ایکسپریس ٹرین میں پولیس اہلکار کی جانب سے خاتون مسافر پر تشدد کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو نے کے بعد پولیس اہلکار کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ ریلوے پولیس سٹیشن حیدرآباد میں ایس ایچ او ریلوے محمد حسن کی مدعیت میں درج کیاگیا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق حیدرآباد میں تعینات کانسٹیبل میر حسن نے کوٹری اور حیدرآباد کے درمیان خاتون کوتشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق گرفتار اہلکار نے جرم کا اعتراف کرلیا ۔ اور کہا کہ خاتون مسافروں کو تنگ کر رہی تھی، منع کرنے پر خاتون نے بدتمیزی کی، جس پرطیش میں آکر ہاتھ اٹھانا پڑا۔ڈی آئی جی ساؤتھ عبداللہ شیخ نے کہا ہے کہ ایسے اہلکار کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ، اہلکار کے خلاف قانونی کارروائی کے علاوہ سخت محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جا ئے گی۔