اندرا گاندھی کے قاتل کے بیٹے کا لوک سبھا کے انتخابات لڑنے کا اعلان

14 اپریل ، 2024

نئی دہلی (اے پی پی)بھارت کی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کے قاتل کے بیٹے سربجیت سنگھ نے آئندہ لوک سبھا انتخابات میں پنجاب کے شہر فریدکوٹ سے الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق 45 سالہ سربجیت سنگھ کا کہنا ہے کہ فریدکوٹ میں بہت سارے افراد نے انہیں لوک سبھا کے انتخابات میں حصہ لینے کا کہا ہے اور وہ بطور آزاد امیدوار انتخابات میں حصہ لیں گے۔سربجیت سنگھ نے 12ویں جماعت سے کالج چھوڑ دیا تھا اور موہالی میں رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے چنڈی گڑھ میں واقع خالصہ کالج میں داخلہ لیا تھا تاہم وہ اپنی تعلیم مکمل نہ کر سکے۔ سربجیت سنگھ نے 2004 میں بھٹنڈا سے لوک سبھا کا الیکشن لڑا تھا لیکن کامیاب نہ ہو سکے، 2008 میں انہوں نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات میں برنالہ کے حلقے سے قسمت آزمائی لیکن انہیں صرف15702 ووٹ مل سکے اور ناکام رہے۔