ثاقب نثار کی آڈیو نوازشریف کیس کیلئے غیر متعلق ہے ،فواد چوہدری

28 نومبر ، 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام’’ نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہےکہ اگر یہ آڈیو ویڈیو صحیح بھی ہے تو اس کی تشخیص کرنا اس بنچ کا کام ہے،ثاقب نثار کی آڈیو نوازشریف کیس کے لئے غیر متعلق ہے نوازشریف کا کیس سولہ ججوں نے سناثاقب نثار تو ان میں شامل ہی نہیں تھے،وزیراطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ نسلہ ٹاور پر احتجاج کرنے والوں کے ساتھ جو کچھ ہوا اُس میں حکومت کی کوئی ہدایات شامل نہیں تھیں اور میں نے اُس کی مذمت بھی کی اور میں سمجھتا ہوں جن لوگوں کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے وہ احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں، میزبان شہزاد اقبال نے اپنے تجزیئے میں کہا کہ سابق چیف جسٹس کی مبینہ آڈیو کا معاملہ اب بھی سیاسی منظر نامہ پر بحث اور الزامات کی وجہ بنا ہوا ہے،وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ ایک اپیل پینڈنگ ہے اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو ججز کے سامنے اور یہ دائرہ کار ہائی کورٹ کے ججز کے پاس ہے کہ وہ اس پر کیا لائحہ عمل اختیار کرتا ہے یہ ایگزیکٹو فیصلہ نہیں ہے جوڈیشل فیصلہ ہے۔اگر مریم نواز سمجھتی ہیں کہ اس سے ان کو مدد مل سکتی ہے تو وہ اپنے بنچ میں ویڈیوز دیں گی بنچ فیصلہ کرے گا حکومت ایگزیکٹو نہیں جوڈیشری فیصلے کرے گی ، ایسا نہیں کہ جوڈیشری کو ہم بتاتے پھریں کہ اس کا ثبوت یہ ہے وہ ہے جوڈیشری جو ہمیں گائیڈ لائن دے گی اس کے مطابق ہمیں آگے جانا ہے۔مختصر یہ کہ اگر یہ آڈیو ویڈیو صحیح بھی ہے تو اس کی تشخیص کرنا اس بنچ کا کام ہے جو مریم نواز کا کیس سن رہا ہے یہ آپ کا میرا یا حکومت کا کام نہیں ہے۔ آڈیو لیکس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ کیس کے میرٹ پر بات نہ ہو ساری دنیا لیکس کی طرف لگ جائے۔ثاقب نثار کی آڈیو نواز کیس کے لیے غیر متعلق ہے نوازشریف کا کیس سولہ ججوں نے سناثاقب نثار تو ان میں شامل ہی نہیں تھے نواز اور مریم آڈیو کو عدالت میں پیش کریں مریم کا کیس سننے والا جج آڈیو کا تجزیہ کرسکتا ہے ۔