کوئٹہ میں موسلادھار بارش ، سڑکیں زیر آب ، پسنی ڈوب گیا ، کیچ میں ایک شخص جاں بحق

15 اپریل ، 2024

کوئٹہ+ ہرنائی (اسٹاف رپورٹر+نامہ نگاران+ خبر ایجنسیاں) کوئٹہ ،ژوب، شیرانی، بارکھان، موسیٰ خیل، کوہلو، سبی، جھل مگسی، لورالائی، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ ، قلعہ سیف اللہ، لسبیلہ، قلات ، خضدار، بارکھان، مسلم باغ، تربت، ہرنائی، نصیر آباد، جعفرآباد، پنجگور، گوادر،پسنی ،جیوانی اور کیچ میں اتوار کوآندھی اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے مزید بارش اورژالہ باری ہوئی۔ کوئٹہ میں مو سلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، شہر میں نکاسی آب کے ناقص نظام کی وجہ سے سڑکیں برساتی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں ، جوائنٹ روڈ، سریاب روڈ، ڈبل روڈ، شہباز ٹاؤن، جناح ٹاؤن، پرنس روڈ، میکانگی روڈ، خدائیدار روڈ ، سبزل روڈ پر بارش کا پانی سڑکوں پر بہنے اور گھروں میں داخل ہونے سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا ،تاہم میٹرو پو لیٹن کا رپوریشن کا عملہ کہیں بھی اپنی ذمہ داریاں ادا کر تے ہوئے دکھائی نہیں دیا گیا۔عوامی حلقوں نے وزیر اعلیٰ بلو چستان اور ایڈ منسٹر یٹر کوئٹہ سے اپیل کی ہے کہ فرائض میں غفلت برتنے پر میٹرو پو لیٹن کا رپوریشن کا عملہ تبدیل کر کے انکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا ئے، کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں تیسرے روز بھی مطلع ابرآلوداور 25سے زائد اضلاع میں وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے ، اب تک صوبے میں بجلی اور چھت گرنے کے واقعات میں 7افرادجاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ پشین میں15گھروں کو نقصان پہنچا ہے ،کچلاک میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے 6 بچے ملبے تلے دب گئے جنہیں زندہ نکال لیا گیا بارش کے باعث درجنوں مکانات کو نقصان پہنچا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند روز سے جاری طوفانی اور موسلادھار بارشوں کے باعث کچلاک کے علاقے کلی صاحبزادہ میں متعدد کچے مکانات کو نقصان پہنچا مکان کی چھت گرنے سے 6 بچے ملبے تلے دب گئے جنہیں فوری طور پر لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نکال دیا  کوئٹہ میں سیلابی ریلے کے کے باعث بند ہونے والے ہنہ اوڑک اور چشمہ اچوزئی کے راستے دوبارہ بحال ہوگئے، کیچ کے علاقے تمپ میں سیلابی ریلے میں پھنسے 7 افراد کو ریسکیو کرلیا گیا۔ پی ڈی ایم اے ذرائع نے مزیدبتایا کہ درہ بولان میں پنجرہ پل کے مقام پر وقفے وقفے سے پانی کا بہاو ہے، محکمہ پی ڈی ایم اے نے شہری اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر نہ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں ،پشین میں بھی درجنوں لوگوں کو ریسکیو کرلیا گیا۔ درایں اثناء ہرنائی و گردونواح میں دو دنوں سے گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ،ندی نالوں میں سیلابی ریلے آنے کے باعث قومی شاہراہوں پر ٹریفک معطل جبکہ ہرنائی کوئٹہ روڈ زردآلو ندی میں ڈبل ڈور پک اور ایک موٹرسائیکل سیلابی ریلے میں بہہ گئی تاہم گاڑی اور موٹرسائیکل سوار افراد کو وہاں کے مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت بچالیا ۔ندی نالوں میں سیلابی ریلے آنے کی وجہ سے ہرنائی کوئٹہ ہرنائی پنجاب قومی شاہراہوں پر ٹریفک معطل ہوگئی ۔ ٹرانسپوٹرز نے اپنی مدد آپ کے تحت ندی نالوں میں پھنسے گاڑیوں کو پرائیویٹ مشنری کے زریعے سے نکال دیا۔ بارش سے سب ڈویژن پسنی ڈوب گیا،رہائشی مکانات منہدم ہوگئے،گھروں میں پانچ فٹ تک پانی جمع ہوگیا،پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ متحرک نہ ہوسکی،شہر میں بجلی کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا،مکران کوسٹل ہائی بہہ گئی،کراچی اور مکران کے مابین زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ۔ڈی سی کیچ حسین جان بلوچ کے مطابق کیچ میں موسلادھار بارش کے باعث کیچ میں مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوئے جبکہ متعدد سرکاری عمارتیں، کچے مکانات اور دیواریں گر گئیں، حسین جان بلوچ کے مطابق کیچ میں بارش اور تیز ہواوٴں کے باعث گندم کی فصلوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ کیچ کے مختلف علاقوں میں سولر پینلز بھی ٹوٹ گئے اس دوران ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے نے گزشتہ روز دریائے نہنگ میں پھنسے 10 افراد کو ریسکیو بھی کیا،ڈی سی کیچ کے مطابق ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کر تے ہوئے دو مقامی افراد کو ریسکیو کیا جو گزشتہ روز سے دریائے کیچ میں دریا کے کنارے لکڑی کاٹنے کیلئے گئے تھے جنہیں ریسکیوکر لیا گیا۔ ڈی سی پنجگورکے مطابق مو سلا دھار کے باعث چند گھروں کی چھتیں گر نے اور سولر پلیٹس کو بھی نقصان پہنچا اور سر اسیائی کے مقام پر6ٹاور گرنے سے پنجگور شہر کو بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی جس کی مرمت کا کام جا ری ہے ۔