فیض آباد کمیشن نے صحیح نتائج پر پہنچنے کی کوشش ہی نہیں کی،رانا ثناء

17 اپریل ، 2024

کراچی (ٹی و ی رپورٹ) جیو کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ فیض آباد کمیشن نے صحیح نتائج پر پہنچنے کی کوشش ہی نہیں کی،وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ سعودی وفد کے ساتھ ایک نئی پٹرولیم ریفائنری لگانے اور موجودہ ریفائنری میں سرمایہ کاری کے حوالے سے گفتگو ہوئی، سعودی وفد کی سب سے زیادہ دلچسپی مائننگ میں نظر آئی،نمائندہ خصوصی جیو نیوز اعزاز سید نے کہا کہ فیض آباد دھرنا کمیشن میں تقسیم نظر آئی، دو سابق پولیس افسران اور ایک حاضر سروس سرکاری افسر کمیشن میں شامل تھے، دونوں ریٹائرڈ پولیس افسران کے درمیان بہت سے معاملات پر اختلاف تھا۔ن لیگ کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے فیض آباد دھرنے سے متعلق کوئی ذمہ داری وفاق پر منتقل نہیں کی تھی، وفاقی اور پنجاب حکومت کا خیال تھا کہ راجا ظفر الحق کی رپورٹ اگلے تین چار دن میں آجائے گی، طے ہوا تھا راجہ ظفر الحق رپورٹ میں کوئی قصوروار ٹھہرایا گیا تو اس کیخلاف کارروائی ہوگی، بدقسمتی سے راجا ظفر الحق کی رپورٹ آج تک نہیں آسکی۔