نوازشریف کا پارٹی کی تنظیم نو اور ناراض رہنمائوں سے متعلق اہم فیصلہ

17 اپریل ، 2024

لاہور ( این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے پارٹی سیکرٹریٹ میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے،سابق وزیر اعظم پارٹی کے منتخب عہدیداران سے ملاقاتیں کریں گے۔ذرائع کے مطابق نواز شریف پارٹی سیکرٹریٹ میں ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے رواں ہفتے سے ڈسٹرکٹ عہدے داروں سے ملیں گے۔اس حوالے سے ذرائع نے مزید بتایا کہ قائد (ن) لیگ علاقائی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کے بارے تبادلہ خیال کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی سیکرٹریٹ میں نواز شریف پارٹی کی تنظیم نو اور ناراض رہنمائوں سے مشاورت کریں گے۔پارٹی عہدیداران سے عوامی فلاح و بہبود کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔