حج تربیت کے دوسرے مرحلے کا آغاز122 مقامات پر تربیتی سیشن

18 اپریل ، 2024

اسلام آباد(نیوز رپورٹر) وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی نےگزشتہ روز ملک بھر میں حج تربیت کے دوسرے مرحلے کا آغاز  کر دیا  ۔ وزارت نے 40 ریسورس پرسنز، مذہبی سکالرز اور ماسٹر ٹرینرز کے ساتھ مل کر ضلعی سطح پر ملک بھر میں 122 مقامات پر تربیتی سیشنز کا اہتمام کیا ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد حاجی کیمپ میں منعقدہ ٹریننگ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزارت مذہبی امور کے ماسٹر ٹرینر، حج آئی ٹی سیل کے ڈائریکٹر حکیم خٹک نے عازمین حج کو بتایا کہ تمام عازمین حج سعودی عرب روانگی سے دس روز قبل تین ویکسینز مفت لگوائیں گے۔ متعلقہ بینک کے کاؤنٹر سے فری بیگ، سکارف، احرام بیلٹ، شو بیگ اور موبائل سم بھی فراہم کی جائے گی۔عازمین حج کو روانگی سے دو روز قبل متعلقہ حاجی کیمپوں سے پاسپورٹ، ٹکٹ، ویزہ، لاکٹ کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔