لاکھوں کی چوریاں،ڈاکے شہری 6گاڑیوں،36موٹرسائیکلوں سے ہاتھ دھو بیٹھے

18 اپریل ، 2024

راولپنڈی،اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں شہری 2گاڑیوں 22موٹرسائیکلوں ،طلائی زیورات ،موبائل فونز اور نقدی وغیرہ سے محروم ہوگئے ،7افراد سے جھپٹا مار کر موبائل چھین لئے گئے۔وفاقی دارالحکومت میں چالیس وارداتوں میں لاکھوں کی نقدی ، زیورات اور دیگر قیمتی سامان کےعلا وہ چارکاریں اور 14 موٹر سائیکل اڑا لئے گئے ، تین موٹرسائیکلیں اور پانچ موبائل فون اسلحہ کی نوک پر چھین لئے گئے۔گلزار قائدمیں ابتشام ناصر غوری کےگھر کے تالے توڑ کر سونا مالیتی14لاکھ85ہزار ،اڈیالہ روڈ پر نظام خان کے گودام کی دیوار توڑ کر8 لاکھ 15 ہزار روپے،پیر مہر علی شاہ ٹاؤن میں سعید اللہ کے گھر کے تالے توڑ کرپا نی کی دونوں مشینیں ، دوسلائی مشینیں ، کچن کا سامان ،ایک تولہ سونا اور دیگر سامان ، فیز8میں علی قدر اعوان کے گھرکے تالے توڑ کرطلائی زیورات 15 تولے، 3 گھڑیاں ،30 ہزار روپے اور ڈی وی آر،چک بیلی بازار میں شاہد محمود کی دکان کے تالے توڑ کر 16 سولر پلیٹیں مالیتی چار لاکھ دوہزار روپے چوری کرلی گئیں ۔صدر واہ کے علاقہ نیوسٹی میں 2موٹرسائیکل سوار رابعہ مریم رضا سےگن پوائنٹ پر سونا مالیتی5لاکھ روپے چھین کرلے گئے۔تھانہ بہارہ کہو کے علاقے ڈھوک جلانی میں زاہد رسول کے گھر سے چور15 لاکھ روپے مالیت کے زیورات ، برطانوی پونڈ ، لیپ ٹاپ اور ایل ای ڈی چوری کر کے چلتے بنے۔ تھانہ ترنول کے علاقے جی 15 ون میں غضنفر کے گھر سے سات لاکھ روپے مالیت کے زیورات چوری ہو گئے ۔