زرمبادلہ ذخائر مضبوط، شرح تبادلہ مستحکم، روپے کی قدر مزید گرنے کا امکان نہیں، وزیر خزانہ

19 اپریل ، 2024

واشنگٹن (نیوز ایجنسیاں)وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر مضبوط اور شرح تبادلہ مستحکم ہے، روپےکی قدر مزید گرنے کا امکان نہیں ہے، پاکستانی ترسیلات زر ،برآمدات میں اضافہ ، تجارتی خسارہ ، مہنگائی میں کمی ہورہی ہے، آئی ایم ایف مشن کا دورہ مئی میں متوقع ہے،ان خیالات کااظہار انہوں نے مختلف شخصیات سے بات چیت اورسیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور بلوم برگ حکام کے درمیان راؤنڈ ٹیبل اجلاس ہوا جس میں پاکستان کی معیشت سمیت دیگر امور پر بات کی گئی،اس دوران وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ ذخائرمضبوط اور شرح تبادلہ مستحکم ہیں، آنے والے برسوں میں معاشی شرح نمو 4 فیصد سے تجاوز کرجائے گی،انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف مشن کا دورہ پاکستان مئی میں متوقع ہے، روپے کی قدر میں سالانہ روایتی 6 سے8 فیصد سےزیادہ کمی کا کوئی جواز نہیں، ترسیلات زر اوربرآمدات میں اضافہ ہورہا ہے، دریں اثنا اسسٹنٹ سیکرٹری مسٹر ڈونالڈ لواور پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری آف یو ایس اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ مسز الزبتھ ہورسٹ نے ان سے ورلڈ بنک کے ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی تاکہ واشنگٹن میں پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے سیاسی عزم کو اجاگر کیا جا سکے، وزیر خزانہ نے پاکستان سٹاف ایسوسی ایشن آف ورلڈ بنک،آئی ایم ایف سے بھی ملاقات کی اور انہیں حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے بارے میں بتایا ، ڈوئچے بنک کے نمائندوں سے ملاقات میں وزیر نے بنک کی جانب سے ماضی میں حکومت پاکستان کے ساتھ تعاون کرنے کے طریقے کو سراہا۔ بنک کے نمائندوں نے وزیر کو بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں تک رسائی میں حکومت پاکستان کی مدد کے لیے مختلف لین دین کے ڈھانچے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے گرین/سسٹینیبلٹی بانڈ کے اجرا کے لیے پائیدار مالیاتی فریم ورک کے قیام پر تبادلہ خیال کیا۔ذرائع ابلاغ کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان کی اقتصادی پالیسی آؤٹ لک پر جے پی مورگن سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت ملک میں پائیدار اقتصادی ترقی اور نمو کے لیے اصلاحات کے پروگرام میں پرعزم ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ مہنگائی کے دباؤ میں کمی آئی اور شرح مبادلہ مستحکم ہے جبکہ تجارتی خسارہ میں کمی آرہی ہے۔انہوں نے ٹیکسیشن، توانائی اور نجکاری کے تین اہم اصلاحاتی شعبوں کا خاکہ بھی پیش کیا۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ رواں سال زرعی شعبے نے مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، ترسیلات زر سمیت معیشت کے اہم اشاریے بہتر کارکردگی کی عکاسی کر رہے ہیں۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ ایک وسیع تر توسیعی پروگرام میں شامل ہونے کے لیے پرعزم ہے۔