ہائوس آف لارڈ :ارکان کی مخالفت،روانڈا سیفٹی بل مزیدایک ہفتہ تاخیرکاشکار

19 اپریل ، 2024

لندن (سعید نیازی) حکومت کی طرف سے روانڈا کو محفوظ ملک قرار دینے کا معاملہ ہائوس آف لارڈز میں مسلسل مخالفت کے سبب مزید ایک ہفتہ تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ روانڈا کو محفوظ ملک قرار دینے کا بل جلد منظور ہو تاکہ پناہ کے طالب افراد کو وہاں بھیجا جاسکے۔ ہائوس آف لارڈز کے ارکان نے بل میں متعدد تبدیلیاں کرنے کی سفارش کی تھی جنہیں پارلیمنٹ نے رد کر دیا، تاہم لارڈز نے بل میں مزید ترامیم پیش کی ہیں۔ اب توقع ہے کہ نئی ترامیم پر آئندہ ہفتہ پیر کو اراکین پارلیمنٹ غور کرینگے۔ وزیراعظم رشی سوناک ، ہائوس آف لارڈز کی ان ترامیم کو بھی قبول کرنے کا ارادہ نہیں رکھتے جن کے تحت مسلح افواج میں یا ان کے ساتھ کام کرنے والوں کو برطانیہ بدر نہ کرنے کا کہا جا رہا ہے۔ روانڈا سیفٹی بل کو حکومت نے سپریم کورٹ کے اعتراضات کے بعد پیش کیا تھا۔ ہائوس آف لارڈز کی ترامیم میں کہا گیاتھا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ بل ملکی اور بین الاقوامی قانون کے تابع ہو، روانڈا کو رپورٹ مکمل ہونے تک محفوظ ملک قرار نہ دیا جائے۔ سیفٹی کی بنیاد پر اپیل کی اجازت دی جائے اور برطانوی مسلح افواج میں یا ان کے ساتھ کام کرنے والوں کو رعایت دی جائے۔ حکومت کو بل میں ترامیم کے حوالے سے ووٹنگ میں دو مرتبہ شکست بھی ہو چکی ہے۔