مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی اور امن پر توجہ مرکوز کی جائے، اقوام متحدہ

19 اپریل ، 2024

اقوام متحدہ (اے پی پی)اقوام متحدہ نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی کے لیے اعتدال پسندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ توجہ صرف امن پر مرکوز رکھی جائے۔ تفصیلات کے مطابق یہ بات اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریزکے ترجمان سٹیفن دوجارچ نے یومیہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ ایران پر حملے کے لیے اسرائیل کی تیاریوں بارے یواین سیکرٹری جنرل کے ردعمل کے بارے انہوں نے کہا کہ وہ اعتدال پسندی کے حق میں ہیں، نہیں چاہتے کہ تشدد کی نئی لہر شروع ہو۔ انہوں نے کہاکہ سیکرٹری جنرل نے ایرانی وزیر خارجہ سے بات کی اور وہ اسرائیل کے صدر اور دیگر حکام سے بھی رابطے میں ہیں ،انہوں نے کشیدگی میں کمی اور اعتدال پسندی پر زور دیتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں دوبارہ امن بارے توجہ کا مطالبہ کیا ہے۔