2047 تک پاکستانی معیشت 3 ٹریلین ڈالر تک بڑھنے کی صلاحیت رکھتی ہے، وزیر خزانہ

20 اپریل ، 2024

واشنگٹن(جنگ نیوز)وفاقی وزیرخزانہ و محصولات محمداورنگزیب نے کہاہے کہ پاکستان کی معیشت 2047 تک تین ٹریلین ڈالرتک بڑھنے کی صلاحیت رکھتی ہے، عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ساتھ نئے قرض پروگرام کے خدوخال مئی میں طے پا جائیں گے،سعودی سرمایہ کاروں کو قابل عمل منصوبے پیش کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مالیاتی ادارے اور عالمی بینک کے ساتھ اسپرنگ اجلاس کے دوران ادارے کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا اور سعودی فنڈ فارڈویلپمنٹ کے سربراہ سے ملاقات اور بعد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہ ہمیں توقع ہے کہ آئی ایم ایف کا مشن اسلام آباد میں مئی کے وسط تک آ جائے گا، اور پھر پروگرام کے حوالے سے پیش رفت ہوگی۔دریں اثنا اکستان سعودی سرمایہ کاروں کیلئے بینکاری اور سرمایہ کاری کے قابل منصوبے پیش کرے گا، ٹیکسیشن اور پرائمری بیلنس کے معاملات پر صوبوں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ وہ گزشتہ روزواشنگٹن ڈی سی میں عالمی بینک اوربین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے موسم بہارکے سالانہ اجلاس کے موقع پرمختلف ملاقاتوں میں گفتگو کررہے تھے۔وزیر خزانہ نے سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے چیف ایگزیکٹوآفیسر سلطان عبدالرحمن المرشد سے ملاقات کی۔ وزیرخزانہ نے انہیں اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب اور اس ہفتے پاکستان آنے والے سعودی وفد کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیرخزانہ نے سعودی ڈولپمنٹ فنڈ کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ملاقات میں کراچی سے چمن تک این 25 شاہراہ کی تعمیر اوردیامیر بھاشا ڈیم فنڈنگ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ پاکستان سعودی سرمایہ کاروں کے لیے بینکاری اور سرمایہ کاری کے قابل منصوبے پیش کرے گا۔ وزیر خزانہ نے عالمی بینک کے زیر اہتمامʼʼتیز نتائج اور عظیم تر اثرات کیلئے عمل درآمد ʼʼکے موضوع پرگول میز کانفرنس میں شرکت کی۔ وزیر خزانہ نے عالمی بینک کی قیادت کی سوچ اوروڑن کی تعریف کی۔ وزیرخزانہ نے عالمی بینک کی ایک حالیہ رپورٹ کاحوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اس رپورٹ میں پاکستان کے لیے 2047 تک ایک اعلیٰ درمیانی آمدنی والا ملک بننے کا ایک واضح روڈ میپ پیش کیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ کہ پاکستان کی معیشت 2047 تک 300 بلین ڈالر تین ٹریلین ڈالر تک بڑھنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔