نیشنل ایکشن پلان عملدرآمد جائزہ کمیٹی اجلاس،کچے میں مشترکہ آپریشن کا فیصلہ

20 اپریل ، 2024

اسلام آباد (آئی ا ین پی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان عمل درآمد جائزہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں کچے کے علاقے میں مشترکہ آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا، چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اس کے علاوہ پاکستان بھرمیں پولیس کو جدید ٹیکنالوجی دینے پر بھی بریفنگ دی گئی۔ نیشنل ایکشن پلان عمل درآمد جائزہ کمیٹی کے اجلاس میں پولیس کو نئی ٹیکنالوجی فراہم کرنے پر تفصیلی مشاورت اور غور و فکر کیا گیا۔ بعد ازاں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے تمام انسپکٹر جنرلز نے چینی شہریوں کی سیکیورٹی اور حفاظتی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ اجلاس میں ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ۔