فضل الرحمٰن کوئٹہ پہنچ گئے، آج پشین میں جلسے سے خطاب کرینگے

20 اپریل ، 2024

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمٰن پشین جلسہ میں شرکت کے لئے جمعہ کو کوئٹہ پہنچ گئے ، ائیرپورٹ پر پارٹی کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عبدالواسع ، جنرل سیکرٹری آغا محمود شاہ ، ارکان صوبائی اسمبلی میر یونس عزیز زہری اصغر خان ترین ، پارٹی کے صوبائی ترجمان دلاور خان کاکڑ سمیت دیگر نے ان کا استقبال کیا ۔ مولانا فضل الرحمٰن آج پشین میں جمعیت علماء اسلامکے زیراہتمام جلسہ سے خطاب کریں گے ۔دریں اثناء جمعیت علماءاسلام کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قائد جمعیت مولانا فضل الرحمٰن نے انتخابات میں بدترین دھاندلی کے خلاف میدان میں اترنے کا اعلان کیا ہے جس کے سلسلے میں آج پشین میں بھرپور عوامی قوت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔کوئٹہ سے مولانا فضل الرحمن کی ریلی کے شکل میں پشین آمد ہوگی جہاں وہ تاج لالا گرونڈ میں عوامی اسمبلی کے نام سے منعقدہ جلسہ سے خطاب کریں گے، خراب موسم کے باجود ہزاروں لوگوں کی جلسہ میں شرکت متوقع ہے۔